دہلی شراب اسکام ۔ ایم ایل سی کویتا کو پوچھ تاچھ کیلئے سی بی آئی کی نوٹس

,

   

6 ڈسمبر کو دستیاب رہنے کی خواہش۔ میں اپنی قیامگاہ پر دستیاب رہوں گی ۔ ٹی آر ایس لیڈر کا جواب

حیدرآباد 2 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) دہلی شراب اسکام کی تحقیقات اب شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور ابتدائی قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے سی بی آئی نے ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب کرلیا ہے ۔ سی بی آئی نے کویتا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 ڈسمبر کو پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ۔ سی بی آئی نے اپنی نوٹس میں کویتا سے کہا ہے کہ وہ حیدرآباد یا ( ترجیحا ) دہلی میں اپنی قیامگاہ پر پوچھ تاچھ کیلئے دستیاب ہوسکتی ہیں۔ کویتا سی بی آئی کی جانب سے پوچھ تاچھ کیلئے نوٹس ملنے کی توثیق کی اور کہا کہ وہ سی بی آئی کو پوچھ تاچھ کیلئے 6 ڈسمبر کو اپنی قیامگاہ پر دستیاب رہیں گی ۔ کویتا نے بتایا کہ انہیں سی آر پی سی کے دفعہ 160 کے تحت نوٹس جاری کی گئی تاکہ مجھ سے وضاحت طلب کی جاسکے ۔ میںنے انہیں مطلع کردیا ہے کہ ان کی درخواست کے مطابق میں 6 ڈسمبر کو اپنی قیامگاہ پر دستیاب رہوں گی ۔ واضح رہے کہ کویتا کا نام دہلی شراب اسکام کی ریمانڈ رپورٹ میں آنے کے بعد سے مسلسل قیاس کیا جا رہا تھا کہ کویتا کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا جاسکتا ہے اور ان کے خلاف بھی مزید کارروائی ہوسکتی ہے۔ آج سی بی آئی نے پوچھ تاچھ کیلئے نوٹس جاری کردیا ہے ۔ دہلی شراب اسکام کے سلسلہ میں کویتا مسلسل اپنے کسی رول سے انکار کرتی رہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس اسکام سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے انہیں اور ٹی آر ایس کے دوسرے قائدین کو سیاسی مخاصمت کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم وہ اس طرح کی تحقیقات سے گھبرانے والی نہیں ہیں اور کسی بھی تحقیقات کا سامنا کرنے تیار ہیں۔