رویش کمار نے بھی این ڈی ٹی وی سے استعفیٰ دے دیا

,

   

مقبول عام جرنلسٹ کی گودی میڈیا سے دشمنی برقرار ، پرانوے رائے اور رادھیکا بھی NDTV سے وابستہ نہ رہے
غیر جانبدار ٹی وی جرنلزم کا آخری قلعہ بھی ٹوٹ گیا

نئی دہلی : این ڈی ٹی وی انڈیا کے سینئر ایگزیکٹو ایڈیٹر رویش کمار نے بھی آج اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ رویش کمار این ڈی ٹی وی میں متعدد پروگراموں کی میزبانی کرتے تھے اور وہ سیکولر ذہن رکھنے والے عوام میں کافی مقبول ہیں اور انہیں عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ رویش کمار نے ہمیشہ اپنے صحافتی کیریئر میں اہم اور بنیادی مسائل کو اٹھانے کی کوشش کی۔ تاہم وہ حکومت کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر تمام مسائل کو اجاگر کرتے رہے۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کیا رویش کمار اپنا خود کا کوئی چینل شروع کرتے ہیں یا پھر ان کا کچھ اور ہی ارادہ ہے۔ رویش کمار کا استعفیٰ پرانوے رائے اور ان کی شریک حیات رادھیکا رائے کے این ڈی ٹی وی کے پروموٹر گروپ آر آر پی آر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے استعفیٰ دینے کے ایک دن بعدسامنے آیا۔ اس تبدیلی سے این ڈی ٹی وی گروپ کی صدر سپرنا سنگھ نے این ڈی ٹی وی اسٹاف کو ایک ای میل کے ذریعہ واقف کرایا۔ سپرناسنگھ نے نوٹ میں لکھا کہ رویش کمار نے NDTV سے استعفیٰ دے دیا ہے اور کمپنی نے ان کے استعفیٰ کو فوری طور پر قبول کرلیا۔ اس طرح رویش کمار نے گودی میڈیا سے اپنی دوری کو برقرار رکھا ہے۔گزشتہ 8 سالہ مودی حکمرانی کے دوران ہندوستانی میڈیا حکومت کی چاپلوسی میں مصروف رہا ہے۔ این ڈی ٹی وی اور رویش کمار جیسے صحافتی گوشوں نے اپنی غیرجانبدارانہ صحافت کو برقرار رکھا تھا لیکن چند ہفتے قبل جب اڈانی گروپ نے این ڈی ٹی وی کے مالکانہ حقوق میں حصہ داری حاصل کرلی اور اس کے شیئرس متعارف کرادیئے تو اس کے بعد رویش کمار، پرانوے رائے اور رادھیکا جیسی شخصیتوں کیلئے این ڈی ٹی وی میں برقرار رہنا ممکن نہیں رہا۔ قبل ازیں این ڈی ٹی وی لمیٹیڈ نے منگل کو اسٹاک ایکسچینج کو بتایا کہ اسے پروموٹر گروپ یونٹ اور آر آر پی آر ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ نے بتایا ہے کہ پرانوے رائے اور رادھیکا رائے نے کمپنی کے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یہ گزشتہ روز ہی نافذ ہو گیا اور این ڈی ٹی وی کے سدیپتا بھٹاچاریہ اور سنجے پوگلیا اور سنتھیل سامیا چنگالوارائن کو فوری اثر سے ڈائریکٹر بنادیا گیا۔ این ڈی ٹی وی کی پروموٹر کمپنی آر آر پی آر ہولڈنگ نے پیر کو کہا تھا کہ اس نے اپنے ایکویٹی کیپٹل کا 99.5 فیصد حصہ اڈانی گروپ کی ملکیت والی وشوپردھان کمرشل پرائیویٹ لمیٹیڈ کو منتقل کر دیا ہے۔ ان حصص کی منتقلی کے ساتھ اڈانی گروپ کو این ڈی ٹی وی میں 29.18 فیصد حصہ ملے گا۔ اس کے ساتھ اڈانی گروپ بھی 5 دسمبر کو اضافی 26 فیصد حصص کے لیے کھلی پیشکش کر رہا ہے۔اڈانی گروپ مودی حکومت کے نہایت ترجیحی دو صنعتکار گروپوں میں سے ہے ۔ دیگر گروپ امبانی کا ریلائنس گروپ ہے ۔