سعید آباد واقعہ ‘ پولیس ملزم کو ہنوز گرفتار نہ کرسکی

   

15 پولیس ٹیمیں بھی بے اثر ۔ کے ٹی آر نے گرفتاری کا دعوی کیا تھا
حیدرآباد ۔ 13 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) سعید آباد کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے کیونکہ پولیس خاطی کو گرفتار کرنے میں ہنوز ناکام ہے جبکہ ابتداء میں ملزم کو گرفتار کرلینے کا دعوی بھی کیا گیا تھا ۔ اس سلسلہ میں میڈیا الجھن کا شکار ہے۔ وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے ٹوئیٹر کے ذریعہ یہ پیام دیا تھا کہ سعید آباد عصمت ریزی معاملہ میں ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور اس کی ستائش کی تھی لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سٹی پولیس کے عہدیدار وزیر کو اس کیس کی درست اطلاعات فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ دوسری طرف مقتول لڑکی کی تصویر اور نام سوشیل میڈیا پر شدت سے پھیل جانے پر بھی پولیس پریشان ہے کیونکہ سپریم کورٹ کے احکام کے مطابق جنسی استحصال و قتل سے متاثرہ بچوں کے نام کو پوشیدہ رکھنا ضروری ہے۔ خاطی کی گرفتاری کیلئے پولیس نے 15 خصوصی ٹیموں بشمول ٹاسک فورس کو مختلف مقامات میں پھیلادیا ہے ۔ اب تک کی تحقیقات میں پولیس نے صرف ملزم کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جس میں دکھایا گیا کہ وہ اپنے دوست کے ساتھ واردات کے دن علاقہ سے گزر رہا ہے اور وہ کیاپ اور چہرے پر ماسک لگایا ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ راجو نشہ کا عادی ہے اور مکان ہونے کے باوجود اس کی مستقل رہائش سنگارینی کالونی میں نہیں ہے۔ ملزم کے موبائیل کے عدم استعمال سے گرفتاری پولیس کیلئے چیلنج بن چکی ہے۔ 9 ستمبر کو 6 سالہ کمسن لڑکی کی عصمت ریزی و قتل کے بعد اس نے فرار اختیار کرلی تھی ۔ راجو کے ساتھ ایک اور شخص کی موجودگی پر شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ کیا کمسن لڑکی اجتماعی عصمت ریزی کا شکار ہوئی ہے ؟ کوئی پولیس عہدیدار اس سلسلہ میں تفصیلات بتانے تیار نہیں ہے ۔ B