ملک میں کورونا اموات کی تعداد 4 نہیں 40 لاکھ سے زائد

   

تازہ ترین سروے میں انکشاف ۔ ملک کی تقسیم کے بعد سب سے بڑی تباہی
حیدرآباد۔20 ۔جولائی (سیاست نیوز) ہندوستان میں کورونا اموات چھپانے کا ایک اور سروے میں انکشاف ہوا ہے ۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی وباء سے جملہ 4.14 لاکھ افراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔ تاہم حقیقت میں مرنے والوں کی تعداد اس سے 10 گنا زیادہ ہے۔ ایک نئے جامع سروے میں اس بات کا علم ہواہے ۔ سروے میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ ملک کی آزادی کے بعد اتنی بڑی آفات اور تباہی پہلے کبھی دیکھی نہیں گئی ۔ ہندوستان کے سابق مالیاتی مشیر اروند سبرامنن کے ساتھ سنٹر فار گلوبل ڈیولپمنٹ کے علاوہ ہارورڈ یونیورسٹی کے دو ریسرچ اسکالرس نے یہ سروے کیا ہے ، جن کی رپورٹ کے مطابق ملک میں یکم جنوری 2020 تا جون 2021 کے درمیان کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 30 لاکھ سے 47 لاکھ تک ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ سرکاری اعداد و شمار اور تازہ سروے کا جائزہ لیا جائے تو مرنے والوں کی تعداد میں کتنا فرق ہے ، اس کا اندازہ ہوجائے گا ۔ متاثرین کا ہاسپٹلس میں ہجوم دیکھا گیا یا صحیح وقت طبی امداد نہ ملنے سے جن کی اموات ہوئی ہے یا گھروں میں جنکی اموات ہوئی ہے ۔ ان اموات کو کورونا اموات میں شامل نہ کر نے سے اموات کی تعداد کا صحیح اندازہ نہیں لگایا گیا ہے ۔ سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کی اموات لاکھوں میں نہیں بلکہ کئی ملین میں پائی جاتی ہے ۔ ملک کی تقسیم کے بعد یہ سب سے بڑی تباہی و بربادی ہے۔ 1947 ء میں ملک کی تقسیم کے موقع پر ہندو مسلم فسادات سے تقریباً 10 لاکھ سے زائد اموات ہوئی تھیں۔ سروے میں تین طریقوں سے ملک میں کورونا اموات کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ ملک کے 7 ریاستوں میں اموات اور پیدائش کے رجسٹریشن نظام سے ڈاٹا حاصل کیا گیا ۔ ملک میں وباء کتنی اثردار تھی ، خون کے نمونوں کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر کورونا اموات کا جائزہ لیا گیا ۔ سال میں تین مرتبہ 9 لاکھ افراد پر کئے جانے والے مالیاتی سروے کی بنیاد کی اساس پر اموات کا حساب کتاب کیا گیا۔ تمام اقسام کی اموات کی تعداد اور گزشتہ سال ہوئی اموات پر ریسرچ کرتے ہوئے رپورٹ تیار کی گئی ہے ۔ 7 ریاستوں کی جو صورتحال ہے ، ملک کی ماباقی ریاستوں میں بھی یہی صورتحال ہوگی، اس سے بھی اتفاق نہیں کیا گیا ۔ ملک کے شہری علاقوں کے بہ نسبت دیہی علاقوں میں کورونا وباء کا اثر کم دیکھنے کو ملا ہے جس کا رپورٹ میں تذکرہ کیا گیا ہے ۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ دوسرے ممالک نے بھی کورونا کی اموات کو چھپایا ہے مگر ہندوستان میں بہت ز یادہ اموات کو چھپایا گیا ہے۔