مودی کا سیاسی زندگی سے سنیاس !

   

وزیراعظم کے 75 سال کی تکمیل ، آر ایس ایس کی بھی صدی تقاریب
حیدرآباد۔27۔نومبر(سیاست نیوز) آئندہ عام انتخابات وزیر اعظم نریند مودی کے آخری انتخابات ہوں گے جن میں وہ حصہ لیں گے اور نریندر مودی 75 برس کے ہونے کے بعد سیاسی زندگی سے سنیاس لیتے ہوئے ’’ مارگ درشک ‘‘ منڈل کا حصہ بن جائیں گے! آر ایس ایس کے نظریات اور قوانین کے مطابق 75 سال عمر کے بعد کسی بھی فرد کو ملک میں کسی انتظامی عہدہ پر فائز نہیں ہونا چاہئے اور نریندر مودی نے 2014 میں کامیابی حاصل کرنے کے فوری بعد بی جے پی ’مارگ درشک منڈل‘ کی تشکیل کے ذریعہ بی جے پی کے سینیئر قائدین لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی وغیرہ کو مارگ درشک منڈل کا حصہ بنادیا تھا اور اس کے بعد بی جے پی کی دو خاتون قائدین نے اپنی عمر کے 75 برس مکمل ہونے کے بعد اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا جسے آر ایس ایس کے نظریات اور مودی کی نئی منصوبہ بندی کے حصہ کے طور پر دیکھا جارہا تھا ۔مودی حکومت کی پہلی کابینہ میں شامل کی جانے والی مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے 12جولائی 2016 کو اپنی عمر 76 سال ہونے پر اپنے عہدہ سے مستعفی ہوگئی تھیں جنہیں بعد ازاں منی پور کے گورنر کے عہدہ پر فائز کیا گیا تھا ۔ اسی طرح سابق چیف منسٹر گجرات آنندی بین پٹیل نے بھی 7 اگسٹ 2016کو چیف منسٹر گجرات کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور بعد ازاں انہیں گورنر اترپردیش کے علاوہ دیگر ریاستوں کے گورنرکے عہدہ کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی سال 2025 میں اس وقت 75 برس کے ہونے جا رہے ہیں جب آر ایس ایس اپنے قیام کے 100 سال مکمل کرنے جا رہی ہے۔وزیر اعظم نریند مودی 17 ستمبر 1950کو پیدا ہوئے تھے اور 2025 میں وہ 75 سال کے ہوجائیں گے اور آر ایس ایس جو 27ستمبر 1925 کو قائم کی گئی تھی وہ 2025میں 100سال مکمل کرے گی۔م