کرکٹ میچ کے ٹکٹس خریدی کیلئے شائقین میں بھگدڑ‘ جمخانہ گراونڈ پر کشیدگی

   

پولیس کا لاٹھی چارج۔ 20 سے زائد افراد زخمی ۔ شائقین کا کرکٹ اسوسی ایشن پر ناقص انتظامات کا الزام
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) سکندرآباد جمخانہ گراؤنڈ میں آج اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان حیدرآباد کے اوپل اسٹیڈیم میں 25 ستمبر کو کھیلے جانے والے T-20 کرکٹ میچ کے ٹکٹس کی خریدی کیلئے شائقین کے درمیان بھگدڑ مچ گئی۔ اس واقعہ میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ جمعرات کو کرکٹ کے شائقین کثیر تعداد میں سکندرآباد جمخانہ گراؤنڈ جہاں پر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کا دفتر واقع ہے اور وہاں پر کرکٹ میچ کے ٹکٹس فروخت کئے جارہے تھے۔ شائقین کرکٹ آج صبح 5 بجے سے وہاں سے لمبی قطاروں میں کاؤنٹر کھلنے کے انتظار میں دیکھے گئے اور دوپہر میں جمخانہ گراؤنڈ کی گیٹ کھلنے پر اچانک بھگدڑ مچ گئی جس میں 20 افراد زخمی ہوگئے۔ جمخانہ گراؤنڈ میں ملازمت کرنے والی 48 سالہ خاتون رنجیتا اور19 سالہ عالیہ ساکن ترملگیری بھگدڑ میں شدید زخمی ہوگئے۔ شائقین کے ہجوم پر قابو پانے کیلئے نارتھ زون پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور عوام کو وہاں سے منتشر کیا۔ زخمی افراد کو پولیس نے پٹرولنگ گاڑیوں میں سکندرآباد کے یشودھا ہاسپٹل منتقل کیا جہاں پر ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے جمخانہ گراؤنڈ پر پے ٹی ایم آف لائن کاؤنٹر لگایا گیا تھا تاکہ شائقین کرکٹ یہاں سے ٹکٹ خرید سکیں لیکن کثیر تعداد میں ہجوم وہاں پہنچنے اور بھگدڑ کے نتیجہ میں کشیدگی پھیل گئی جس کے نتیجہ میں پولیس نے نوجوانوں پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے جمخانہ گراؤنڈ سے انہیں منتشر کردیا۔ اس حادثہ کے بعد ایچ سی اے کرکٹ میچ کے ٹکٹس کو آن لائن فروخت کرنے کا اعلان کیا۔ لاٹھی چارج میں زخمی افراد نے کرکٹ اسوسی ایشن پر الزام عائد کیا کہ ٹکٹس کی فروخت کیلئے ناقص انتظامات کئے گئے تھے اور لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ب