ء 1868 میں سالار جنگ نے پہلا قرض لیا: ای راجندر

حیدرآباد ۔ 20 ۔مارچ (سیاست نیوز) ترقیاتی کاموں کیلئے قرض کا حصول کوئی عیب نہیں ہے۔ 1868 ء میں نظام حیدرآباد کے وزیراعظم سالار جنگ نے ریلوے لائین کی تعمیر کیلئے قرض حاصل کیا تھا ۔ اسمبلی میں بجٹ پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے ای راجندر نے کہا کہ سالار جنگ نے حیدرآباد تا واڑی ، حیدرآباد تا قاضی پیٹ اور وجئے واڑہ تک ریلوے لائین بچھانے کیلئے قرض حاصل کیا تھا ۔ اگر ہم آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر ، 24 گھنٹے برقی سربراہی ، اسکالرشپ، 490 اقامی اسکولوں کے قیام اور فلاحی اسکیمات کیلئے قرض حاصل کر رہے ہیں تو کیا برائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ مالیاتی سال جس کا اختتام 31 مارچ کو ہوگا، حکومت نے 95 فیصد بجٹ خرچ کیا ہے ۔ 2014-15 ء میں تلنگانہ ریاست کے قیام کے پہلے سال 62 فیصد بجٹ خرچ کیا گیا تھا ۔ 2015-16 ء میں 84 فیصد اور 2016-17 ء میں 93.34 فیصد بجٹ خرچ کرنے کا تلنگانہ حکومت نے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختصر مدت میں تلنگانہ ریاست میں ملک بھر میں کارکردگی کی مثال قائم کی ہے۔ مرکزی وزراء اور دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس نے تلنگانہ حکومت کی کارکردگی کی ستائش کی ہے اور اسکیمات کے بارے میں تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT