Thursday , September 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / آئرلینڈ نے T20 چمپئنس ویسٹ انڈیز کو ہرایا

آئرلینڈ نے T20 چمپئنس ویسٹ انڈیز کو ہرایا

کنگسٹن۔20فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) آئرلینڈ نے بڑی ٹیموں کے خلاف اپنی فتوحات کی فہرست میں اضافہ کرتے ہوئے ورلڈ ٹوئنٹی 20 چمپئنس ویسٹ انڈیز کو پہلے T20انٹرنیشنل میں آج جمائیکا کے سبینا پارک میں 6وکٹس سے شکست دے دی ۔کنگسٹن کا ہی مقام تھا جہاں آئرلینڈ نے 2007ء کے 50اوورس ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کو ڈرامائی انداز میں ہرایا تھا اور اُس کامیابی کے سات سال بعد آئرلینڈ نے جو ٹسٹ نہ کھیلنے والی اُبھرتی ٹیم ہے‘ اس کھیل کے بڑے کھلاڑیوں کو پھر ایک بار شکست دی ہے جس میں انگلینڈ کے سابق بیٹسمین ایڈجوائس نے فیصلہ کن 40ناٹ آؤٹ کے ساتھ اہم رول ادا کیا ۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کے بعد آئرلینڈ نے آل راؤنڈ مظاہرے کے ذریعہ میزبانوں کو اُن کے 20اوورس میں 116/8 تک محدود رکھا۔ آئرلینڈ جس کے کوچ سابق ویسٹ انڈیز بیٹسمین فل سیمنس ہیں‘ جوابی اننگز میں 37/3 تک گھٹ گیا تھا۔ لیکن جوائس جوانگلش کاؤنٹی ٹیم سسکس کے کیپٹن ہیں‘اُن کے اور اینڈریو پوائنٹر کے درمیان 58رنز کی پارٹنرشپ نے آئرش اننگز کو کامیابی کی راہ پر گامزن کردیا ۔ جوائس نے 49گیندوں کا سامنا کیا اور آخر تک ناٹ آؤٹ رہے جس پر انہیں مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا ۔ کیون اوبرین (15) دیگر ناٹ آؤٹ بیٹسمین رہے۔ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ جمعہ کو یہیں دوسرا T20میچ کھیلیں گے جس کے بعد اسی گراؤنڈ پر اتوار کو واحد ونڈے انٹرنیشنل منعقد کیا جائے گا ۔

سری لنکا نے بنگلہ دیش میں
ونڈے سیریز جیت لی
میرپور۔20فبروری( سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے کمارسنگاکارا کی ایک اور شاندار سنچری (128)کی مدد سے بنگلہ دیش کو دوسرے ونڈے میں آج یہاں 61رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز جیت لی ہے۔انجیلو میتھوز کی ٹیم نے 289/6 بنائے اور پھر مشفق الرحیم کی بنگلہ ٹیم کو 43اوورس میں 228پر آل آؤٹ کردیا ۔

TOPPOPULARRECENT