Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / آئندہ انتخابات میں بی جے پی کامیاب ہوگی

آئندہ انتخابات میں بی جے پی کامیاب ہوگی

ٹی آر ایس عوام کے اعتماد سے محروم ‘ بی جے پی لیڈر کے لکشمن
بھونگیر 10 ڈسمبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ بی جے پی کے صدر کے لکشمن نے آج پیش قیاسی کی کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس حکومت کو شکست ہوگی اور بی جے پی اقتدار پر آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار جماعت عوام کے اعتماد سے محروم ہوگئی ہے ۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت بھی کانگریس کے نقش قدم پر چل رہی ہے اور وہ عوام کے اعتماد سے محروم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کو 1.5 لاکھ کروڑ روپئے فلاحی اسکیمات کیلئے فراہم کئے ہیں لیکن ٹی آر ایس حکومت ان اسکیمات پر عمل آوری میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ ایسے میں بی جے پی کی جانب سے پارٹی کو بوتھ لیول پر مستحکم کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ یہ کام آئندہ انتخابات تک ہوجائیگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی کے قائدین ساری ریاست میں پورے اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ تازہ ترین سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے ۔ سوریہ پیٹ میں بیروزگاروں کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لکشمن نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں ٹی آر ایس اقتدار میں کوئی جمہوریت باقی نہیں رہ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی دونوں ہی بیروزگار ی کے مسئلہ پر توجہ دینے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوان مایوس ہوگئے ہیں کیونکہ انہیں ساڑھے تین سال میں ملازمت نہیں ملی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT