Monday , November 19 2018
Home / شہر کی خبریں / آئندہ تعلیمی سال سے انٹر طلباء کو فری بس پاس و دوپہر کا کھانا

آئندہ تعلیمی سال سے انٹر طلباء کو فری بس پاس و دوپہر کا کھانا

طلباء کو حکومت کا نئے سال کا تحفہ ، تجاویز پر حکومت کا سنجیدگی سے غور
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ کی جانب سے آئندہ تعلیمی سال سے تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ میں زیر تعلیم طلباء کے لیے ایک نیا تحفہ دینے کی قوی توقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق انٹر میڈیٹ میں زیر تعلیم غریب طلباء کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں ’ فری بس پاس ‘ کالجوں میں دوپہر کے کھانے کی فراہمی کی پالیسی پر عمل آوری کرنے کے لیے حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بہت جلد آر ٹی سی اور بورڈ اف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کر کے اس سلسلہ میں تبادلہ خیال کریں گے اور سمجھا جاتا ہے کہ آئندہ تعلیمی سال یعنی ماہ جون سے ہر کالج ( جونیر کالجس ) میں اس نئی اسکیم کو موثر انداز میں روبہ عمل لانے کے قوی امکانات پائے جاتے ہیں ۔ حکومت کا یہ احساس کہ انٹر میڈیٹ طلباء کی کثیر تعداد بس پاسیس کے ذریعہ کالجس آمد و رفت ہوتی ہے اور دوپہر کے کھانے کا ان کے پاس کوئی انتظام نہیں رہتا ۔ بعض طلباء اپنے گھروں سے ہی ٹفن باکس لا لیا کرتے ہیں ۔جب کہ بعض ایسے طلباء بھی ہیں جن کے ہاں بس پاس کے لیے رقم نہیں ہوتی ہے اور وہ طلباء سیکل پر کالجس کو آیا کرتے ہیں اور دوپہر کا کھانا کھائے بغیر ہی تعلیم پر توجہ دینے والے بھی طلباء پائے جاتے ہیں ۔ لیکن اب آئندہ نئے تعلیمی سال سے حکومت انٹر میڈیٹ طلباء کے لیے مفت بس پاس اور دوپہر کے کھانے کی سہولت اگر فراہم کرتی ہے تو ریاست کے لاکھوں طلباء کو اس سے زبردست فائدہ حاصل ہوگا ۔ حکومت نے طلباء کے مالی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اب تک کالج میں داخلہ کے لیے وصول کی جانے والی داخلہ فیس کو ختم کرچکی ہے ۔ اس اقدام سے تمام طلباء کو زبردست فائدہ ہوا ہے حکومت کی جانب سے داخلہ فیس کو ختم کرنے کے لیے لیے گئے فیصلہ سے قبل سائنس گروپ میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء سے 1100 روپئے آرٹس گروپ میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء سے 500 روپئے اور پیشہ وارانہ کورسیس میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء کو 1200 روپئے ادا کرنے پڑتے تھے ۔ لیکن اب اس طریقہ کار کو ختم کردیا گیا ہے اسی طرح آئندہ نئے تعلیمی سے حکومت طلباء پر توجہ دیتے ہوئے تمام طلباء کے لیے مفت بس پاس کی سہولت اور دوپہر کے کھانے کا انتظام کرنے کے اقدامات کرے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT