Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / آئندہ دو سال میں بلارکاوٹ برقی سربراہی

آئندہ دو سال میں بلارکاوٹ برقی سربراہی

سنگاریڈی۔ 20 اگست (پی ٹی آئی) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دیہاتوں کی جامع ترقی کے خواب کو پورا کرنے میں سماج کے تمام طبقات سے تعاون کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے آئندہ دو سال میں ریاست میں بلارکاوٹ برقی سربراہی کا تیقن دیا۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حکومت نے میگا دیہی ترقی پروگرام ’’گرام جیوتی‘‘ کا آغاز کیا ہے اور اس کے لئے 25 ہزار کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرام جیوتی کا مقصد دیہاتوں کی منصوبہ بند اور جامع ترقی ہے۔ چیف منسٹر آج گجویل اسمبلی حلقہ میں جس کی وہ نمائندگی کرتے ہیں، گرام جیوتی کے تحت ایراولی گاؤں میں منعقدہ گرام سبھا سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے عوام سے ذات پات، مذہب اور طبقہ سے بالاتر ہوکر اپنے دیہاتوں کی ترقی کیلئے کام کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ گاؤں کی سطح پر کمیٹیاں بنائیں اور اتفاق رائے سے ترقیاتی اسکیمس تیار کریں۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ کوئی بھی کام ناممکن نہیں، اس کے لئے صرف عزم و حوصلہ کی ضرورت ہے۔ اگر عوام ملکر حقیقی جذبہ سے کام کریں تو اندرون 6 ماہ ایراولی ریاست کا سنہری موضع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ تحریک انہوں نے ایراولی سے شروع کی تھی اور اپنے مقصد میں کامیاب رہے۔ آج وہ گرام جیوتی کیلئے یہاں موجود ہیں اور اسے بھی غیرمعمولی کامیابی سے ہمکنار ہونا چاہئے۔ چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ ایراولی میں ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے 74 لاکھ روپئے کی رقم منظور کی جائے گی۔ اس کے علاوہKV 132 سب اسٹیشن قائم کیا جائے گا جس سے کم وولٹیج کا مسئلہ حل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چھ ماہ میں کسی دیہاتی کو پانی کی تلاش میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور ہر گھر میں سربراہ کیا جائے گا۔ اگر ایسا نہ ہو تو میری پارٹی آئندہ انتخابات میں ووٹ نہیں مانگے گی۔ انہوں نے کہا کہ 20 ٹی ایم سی گنجائش کا حامل ذخیرہ آب تعمیر کیا جائے گا تاکہ علاقہ میں پینے کا پانی مل سکے۔ گاؤں کے لئے فنڈس بھی دیئے جائیں گے۔ ریاست میں آئندہ دو سال میں بلارکاوٹ برقی سربراہی کا تیقن دیتے ہوئے انہوں نے ایراولی گاؤں میں 200 ڈبل بیڈ روم کے مکانات تعمیر کئے جائیں گے اور تعمیری کام اندرون 15 یوم شروع کردیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT