Sunday , November 19 2017
Home / ہندوستان / آئندہ سال سے این سی ای آر ٹی ڈگریاں

آئندہ سال سے این سی ای آر ٹی ڈگریاں

نئی دہلی، 17ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ(این سی ای آر ٹی) کو اب جلد ہی طلبا کو ڈگری دینے کااختیار مل جائے گا۔این سی ای آر ٹی کے ڈائرکٹر رشی کیش سیناپتی نے یو این آئی کو بتایا کہ این سی ای آر ٹی کو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) کی طرح قومی اہمیت کے حامل ادارہ کا درجہ جلد ہی ملنے والا ہے اور یہ درجہ حاصل ہوتے ہی اسے طلبا کو ڈگریاں دینے کا اختیار مل جائے گا۔ اس کے علاوہ طلبا اب یہاں سے ایم فل اور پی ایچ ڈی بھی کرسکیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ انسانی وسائل کے فروغ کی وزارت نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے اور وزارت قانون نے اس سلسلہ میں ایک بل کا شروعاتی خاکہ بھی تیار کرلیا ہے ۔ اب ا سے متعلقہ وزارتوں کو بھیجا جائے گا جن کے ریمارکس کے بعد مجوزہ بل کی حتمی شکل تیار ہوجائے گی اور اسے کابینہ کی منظوری کے لئے بھیجا جائے گا۔ کابینہ کی منظوری ملتے ہی اس بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔مسٹر سیناپتی نے امید ظاہر کی کہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں اگر یہ بل پیش نہیں کیا جاسکا تو آئندہ بر بجٹ سیشن میں اسے ضرور پیش کردیا جائے گا اور آئندہ تعلیمی سال سے طلبا کو ڈگریاں ملنے کا کام شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ قومی اہمیت کے حامل ادارہ کا درجہ ملنے سے این سی ای آر ٹی کا معیار بھی بڑھ جائے گا کیونکہ فی الحال اس کے علاقائی اداروں کو ریاستوں کی یونیورسٹیوں سے جوڑا گیا ہے ۔ اس وجہ سے اسے اب تک متوقع معیار حاصل نہیں ہوا ہے اور نئی طرح کے پروگرام بھی شروع نہیں ہوپارہے ہیں۔مسٹر سینا پتی نے کہاکہ قومی اہمیت کے حامل ادارہ کا درجہ ملنے سے این سی ای آر ٹی میں ریسرچ کا کام مزید بہتر ہوسکے گا۔

TOPPOPULARRECENT