Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / آئندہ سال سے غریب طلبا کو انٹر تک مفت تعلیم

آئندہ سال سے غریب طلبا کو انٹر تک مفت تعلیم

جونئیر کالجس میں بہتری کیلئے 82 کروڑ روپئے مختص : کڈیم سری ہری
حیدرآباد 8 ستمبر ( این ایس ایس ) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے آج اس بات کا اعادہ کیا کہ ٹی آر ایس حکومت غریب طلبا کو مفت انٹرمیڈیٹ تعلیم فراہم کریگی ۔ کے جی تا پی جی اسکیم کے تحت یہ تعلیم آئندہ تعلیمی سال سے دی جائیگی ۔ ورنگل ضلع کے سنگیم اور گیسو کونڈا علاقوں میں کچھ ترقیاتی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست میں جونئیر کالجس میں سہولیات اور انفرا اسٹرکچر فراہم کرنے کیلئے 82 کروڑ روپئے فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست بھر میں غریب طلبا کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے وعدہ کی پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جائیں گی تاکہ طلبا کو معیاری تعلیم فراہم کی جاسکے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ کی ترقی کے خلاف مسلسل سازشیں تیار کر رہے ہیں۔ حالانکہ نائیڈو تلنگانہ کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں لیکن تلنگانہ تلگودیشم کے قائدین انہیں بے شرمی سے تائید فراہم کر رہے ہیں۔ حکومت کے خلاف کانگریس کے احتجاج پر شدید تنقید کرتے ہوئے کڈیم سری ہری نے تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی پر تنقید کی اور کہا کہ کانگریس دور میں ہاوزنگ امور میں کئی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرما ہاوزنگ اسکیم میں جو بے قاعدگیاں ہوئی ہیں ان کی تحقیقات کی جائینگی ۔

TOPPOPULARRECENT