Friday , December 15 2017
Home / Top Stories / آئندہ سال عازمین عمرہ کی تعداد 8 ملین ہوجائیگی ‘30 فیصد اضافہ متوقع

آئندہ سال عازمین عمرہ کی تعداد 8 ملین ہوجائیگی ‘30 فیصد اضافہ متوقع

2 ملین کا اضافہ ممکن ۔ عازمین کی تعداد میں مصر سب سے آگے ۔ ہندوستان چھٹے نمبر پر ۔ پاکستان کو دوسرا اور انڈونیشیا کو چھٹا مقام
جدہ 21 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) آئندہ سال تقریبا 8 ملین ( 80 لاکھ ) عازمین عمرہ کی سعودی عرب کو آمد کی توقع کی جا رہی ہے جبکہ جاریہ سال تقریبا 6 ملین عازمین نے ادائیگی عمرہ کی سعادت حاصل کی تھی ۔ حج و عمرہ معیشت میں مہارت رکھنے والے احمد شیخ بافقیہہ نے کہا کہ گذشتہ سال کی بہ نسبت اس سال بھی عمرہ ادائیگی کے خواہشمندوں کی تعداد میں اضافہ ہوا تھا حالانکہ علاقہ کے کئی ممالک میں سیاسی صورتحال ٹھیک نہیں تھی اور حرمین شریفین میں توسیع کا کام بھی چل رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اب چونکہ مسجد الحرام ( مکہ معظمہ ) اور مسجد نبوی ؐ ( مدینہ منورہ ) میں توسیع کے تقریبا کام مکمل ہوگئے ہیں ایسے میں عازمین عمرہ کی آمد میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ انہیں امید ہے کہ جاریہ سال 8 ملین عازمین عمرہ کیلئے آئیں گے جبکہ گذشتہ سال 6 ملین عازمین نے یہ سعادت حاصل کی تھی ۔ اس طرح معتمرین کی آمد میں 30 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ‘ وزارت حج و عمرہ اور دوسرے متعلقہ حکام کی جانب سے بیشتر معتمرین اور عازمین کی ضرورتوں اور خواہشات کا خیال رکھنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی معتمرین کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر جاریہ سال ماہ رمضان میں عمرہ ادا کرنے والوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی گئی تھی ۔

اس دوران باخبر ذرائع نے کہا کہ وزارت حج و عمرہ نے 16 رمضان المبارک سے جاریہ سیزن کیلئے عمرہ ویزوں کی اجرائی کو غیر معینہ مدت کیلئے روک دیا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ جاریہ سال عمرہ سیزن ویزوں کی اجرائی میں 6.99 فیصد کا اضافہ ہوا تھا ۔ گذشتہ سال 6,393,464 ویزے جاری کئے گئے تھے جو سابق کے مقابلہ میں 444,252 زیادہ تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ 5,949,212 عازمین نے عمرہ کی سعادت حاصل کی تھی ۔ اعداد و شمار کے بموجب مصر کیلئے سب سے زیادہ 1,303,067 ویزے جاری کئے گئے جو گذشتہ سیزن سے 17 فیصد زائد تھے ۔ پاکستان کیلئے 991,337 ویزے جاری کئے گئے جبکہ انڈونیشیا 699,612 ویزوں کی اجرائی کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا ۔ کہا گیا ہے کہ جاریہ سال ترکی سے آنے والے عازمین کی تعداد میں گذشتہ سال کی بہ نسبت 18,875 کا اضافہ ہوا تھا جبکہ ترکی کو جملہ 473,672 ویزے جاری کئے گئے تھے جو چوتھے نمبر پر رہا ۔ اردن پانچویں نمبر پر رہا جبکہ ہندوستان چھٹے نمبر پر رہا ۔ ہندوستان سے 77,077 عازمین کا اضافہ ہوا تھا اور ہندوستان کیلئے جملہ 409,639 عمرہ ویزے جاری کئے گئے تھے ۔ الجیریا عازمین کی تعداد کے اعتبار سے ساتویں نمبر پر رہا ۔ ڈاٹا کے بموجب ملیشیا نے جملہ 26,005 ویزے حاصل کئے تھے جس میں دس فیصد اضافہ تھا جبکہ متحدہ عرب امارات کو جملہ 187,289 عمرہ ویزے جاری کئے گئے ۔

TOPPOPULARRECENT