Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / آئندہ ماہ سے معذورین کو 1500 روپئے ماہانہ وظائف

آئندہ ماہ سے معذورین کو 1500 روپئے ماہانہ وظائف

تصدیق نامہ معذوری لازمی ، عثمانیہ ، گاندھی اور کنگ کوٹھی ہاسپٹلس میں کیمپس ، استفادہ کرنے معذورین سے اپیل

تصدیق نامہ معذوری لازمی ، عثمانیہ ، گاندھی اور کنگ کوٹھی ہاسپٹلس میں کیمپس ، استفادہ کرنے معذورین سے اپیل
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکٹوبر : ( نمائندہ خصوصی ) : ہمارے ملک میں معذورین کی حالت زار پر باتیں بہت کی جاتی ہیں ۔ سیاستداں ان کی بہبود کے بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں ۔ حکومتیں معذورین کو ملازمتیں فراہم کرنے کے اعلانات کرتی ہیں لیکن حقیقت میں دیکھا جائے تو کسی قسم کے عملی اقدامات نہیں کئے جاتے ۔ آج کے اس مہنگائی کے دور میں غریب و ضعیف مرد و خواتین ، بیواؤں اور معذورین کو 500 روپئے ماہانہ وظیفہ دیا جائے تو اسے دانشمندی نہیں بلکہ بے وقوفی کہا جائے گا ۔ لیکن خوشی اس بات کی ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد خاص طور پر معذورین کو دئیے جانے والے ماہانہ وظیفہ کو 500 سے بڑھا کر 1500 کردینے کا اعلان کیا جس سے ریاست کے لاکھوں معذورین کو فائدہ حاصل ہوگا ۔ یکم نومبر سے دئیے جانے والے وظائف کے ایسے معذورین ہی مستحق ہوں گے جنہیں سرکاری ہاسپٹلوں کی جانب سے تصدیق نامہ جاری کیا گیا ہو اور انہیں معذور تسلیم کیا گیا ہو ۔ شہر میں معذورین کو اس طرح کے تصدیق ناموں ( سرٹیفیکٹس ) جاری کرنے کے لیے چار مقامات پر معذورین کے لیے کیمپس لگائے ہیں جن میں عثمانیہ جنرل ہاسپٹل ، گاندھی ہاسپٹل اور کنگ کوٹھی ہاسپٹلس میں لگائے گئے کیمپس شامل ہیں ۔ ان کیمپوں سے جن کا آغاز دو یوم قبل ہی ہوچکا ہے ہر روز ہزاروں معذورین استفادہ کررہے ہیں ۔ معذورین ، معذوری کے سرٹیفیکٹس حاصل کرنے ہر روز دس بجے تا دوپہر دو بجے تک ان کیمپوں میں پہنچ کر استفادہ کرسکتے ہیں ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں کچھ ہمدرد نوجوان حکومت کی جانب سے دئیے جانے والے 1500 روپئے ماہانہ وظیفہ حاصل کرنے میں معذورین کا بھر پور تعاون کررہے ہیں ۔ ان نوجوانوں نے بہادر پورہ ، بندلہ گوڑہ اور سعید آباد جیسے منڈلوں میں 10 ہزار سے زائد معذورین کی رہنمائی کی جب کہ وہ دیگر منڈلوں میں بھی معذور مرد و خواتین کی رہنمائی کا منصوبہ رکھتے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ معذورین میں بلالحاظ مذہب و ملت شعور بیدار کیا جائے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ معذورین 1500 روپئے ماہانہ وظیفہ حاصل کرنے سرٹیفیکٹس حاصل کرنے میں سرعت سے کام لیں اور شہر کے چار کیمپوں میں سے کسی ایک سے بھی استفادہ کرتے ہوئے تصدیق نامہ کے حصول کو یقینی بنائیں اس سلسلہ میں سید سلیم الدین اور ان کے ساتھیوں سے فون نمبر 9391042776 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ 8801055999 اور 040-65699966 سے بھی تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT