Friday , August 17 2018
Home / کھیل کی خبریں / آئی سی سی ہندوستان کے خلاف بے بس:وسیم اکرم

آئی سی سی ہندوستان کے خلاف بے بس:وسیم اکرم

دوبئی۔11نومبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپنے وقت کے بہترین فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ہند۔پاک کرکٹ کی بحالی میں ناکام آئی سی سی حکام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورننگ باڈی میں اتنی طاقت ہی نہیں کہ وہ بی سی سی آئی پر باہمی کرکٹ کیلئے دباؤ ڈال سکے۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ کے روابط بحال نہ ہونے کے سوال پر وسیم اکرم نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ شاید آئی سی سی میں اتنی طاقت ہی نہیں کہ وہ ہندوستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان کے ساتھ باہمی کرکٹ کی بحالی پر مجبور کر سکے۔ سابق کپتان نے مزید کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بی سی سی آئی سے خود ہی رابطہ کر کے اس بات کی کوشش کرنا چاہئے کہ دونوں روایتی حریف ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی افسوسناک بات ہے کہ نوجوان کرکٹرز کو ہندوستان کیخلاف کھیلنے کا موقع ہی نہیں ملتا اور ایسے حالات میں پی سی بی کے بڑوں کو چاہئے کہ وہ اپنے تعلقات بی سی سی آئی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ نئے سرے سے بحال کریں تاکہ باہمی سیریز کا انعقاد ممکن ہو سکے۔ اکرم کے مطابق ان کا ہمیشہ سے یہ خیال ہے کہ سیاست کو کھیلوں سے دور رکھنا چاہئے اور یہی دونوں ملکوں کیلئے بہتر ہو گا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ ایشز سیریز سے زیادہ لطف شائقین کرکٹ کو ہند۔پاک میچز دیکھنے میں آتا ہے اور دو کروڑ افراد اگر ایشز سیریز دیکھتے ہیں تو ایک ارب سے زیادہ شائقین ہند۔پاک مقابلوں کے دیوانے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT