Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / آئی پی ایس عہدیدار شیخ محمد اقبال کی سیاسی اننگز کا آغاز

آئی پی ایس عہدیدار شیخ محمد اقبال کی سیاسی اننگز کا آغاز

وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت ، عہدہ نہیں عوامی خدمت سے دلچسپی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی (سیاست نیوز) سینئر آئی پی ایس عہدیدار شیخ محمد اقبال نے محکمہ پولیس سے وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد عوام کی خدمت کا فیصلہ کیا ہے ۔ متحدہ آندھراپردیش اور ریاست کی تقسیم کے بعد آندھراپردیش میں عوامی خدمات کا ریکارڈ رکھنے والے شیخ محمد اقبال نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ان کا استقبال کیا اور امید ظاہر کی کہ شیخ محمد اقبال کی شمولیت سے نہ صرف پارٹی مستحکم ہوگی بلکہ اقلیتوں کا پارٹی پر اعتماد بڑھے گا۔ 1999ء آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے شیخ محمد اقبال حیدرآباد میں پولیس کے کئی اہم عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے جرائم کی روک تھام میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ متحدہ آندھراپردیش میں انہیں وقف بورڈ کا اسپیشل آفیسر مقرر کیا تھا ۔ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور جائیدادوں کو فروخت کرنے والے متولیوں کے خلاف کارروائیوں کے ذریعہ شیخ محمد اقبال نے غیر مجاز قابضین میں خوف و دہشت پیدا کردی تھی ۔ انہوں نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی حیثیت سے فرائض انجام دی ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد شیخ محمد اقبال کی خدمات آندھراپردیش کو الاٹ کی گئیں۔ وظیفہ پر سبکدوشی سے قبل انہوں نے انسپکٹر جنرل رائلسیما رینج کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وقف بورڈ میں وہ اسپیشل آفیسر اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی حیثیت سے کچھ عرصہ کیلئے برقرار رہے۔ وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے انہیں سیاست میں قدم رکھنے کا مشورہ دیا اور اہم عہدوں کا پیشکش کیا گیا۔ شیخ محمد اقبال نے عوامی خدمت کیلئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا انتخاب کیا۔ جگن موہن ریڈی کی مغربی گوداوری میں جاری پرجا سنکلپ یاترا کے دوران شیخ محمد اقبال نے جگن موہن ریڈی سے ملاقات کی اور وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔ شیخ محمد اقبال کا تعلق ضلع کرنول سے ہے، وہ پولیس عہدیدار کی حیثیت سے اپنے تجربات کی روشنی میں غریب عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی عہدہ کی لالچ میں وائی ایس آر کانگریس میں شامل نہیں ہوئے ہیں بلکہ خالص عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت سیاسی زندگی کا آغاز کیا ہے۔ اس طرح شیخ محمد اقبال کی پولیس عہدیدار کے بعد اب ایک سیاستداں کی حیثیت سے نئی اننگز کا آغاز ہوا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ان کے تجربہ کو کس طرح اور کہاں استعمال کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT