Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / آئی پی ایل : دھونی کی پونے اور رائنا کی راجکوٹ میں شمولیت

آئی پی ایل : دھونی کی پونے اور رائنا کی راجکوٹ میں شمولیت

Bengaluru : Cricketer Mahendra Singh Dhoni and Mohd Shammi at a net session ahead of the Vijay Hazare trophy match in Bengaluru on Tuesday. PTI Photo by Shailendra Bhojak(PTI12_8_2015_000225A)

ممبئی ، 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے لمیٹیڈ اوورس کے کیپٹن ایم ایس دھونی آج آئی پی ایل ڈرافٹ سسٹم میں سب سے نمایاں بن کر اُبھرے ، جیسا کہ سنجیو گوئنکا کی ملکیت والے نئے فرنچائز پونے نے اُنھیں یہاں منعقدہ انتخاب میں 12.5 کروڑ روپئے کی مصرحہ قیمت کے عوض سب سے پہلے منتخب کرلیا ۔ دھونی کے ٹیم انڈیا کے ساتھی سریش رائنا دیگر نئی ٹیم راجکوٹ کی پہلی ترجیح رہے ، جس کے مالک انٹیکس موبائیلس ہیں ۔ اُنھیں بھی فرنچائز کی جانب سے منتخًب کئے جانے والے اولین کھلاڑی بننے کی بناء 12.5 کروڑ کی مساوی رقم حاصل ہوگی ۔ معطل چینائی سوپر کنگس کے 7 کھلاڑی بشمول دھونی اور راجستھان رائلز کے تین کھلاڑیوں کومنتخب کرلیا گیا ۔ راجستھان رائلز کو بھی دو سال کیلئے معطل کیا گیا ہے ۔ ان فام ہندوستانی بیٹسمین اجنکیا رہانے پونے کی طرف سے دوسری پسند رہے جبکہ راجکوٹ نے اسی پوزیشن پر رویندر جڈیجہ کو منتخب کیا ۔ یہ دونوں کھلاڑی 9.5 کروڑ روپئے سالانہ کے مستحق ہوں گے ۔ اس ڈرافٹ سسٹم کی ضرورت سی ایس کے اور آر آر ٹیموں کی آئی پی ایل سے دو سالہ معطلی کے پیش نظر آن پڑی ہے ۔ ان ٹیموں کو 2013 ء اسپاٹ فکسنگ اینڈ بٹنگ اسکینڈل کے تناظر میں معطل کیا گیا ہے ۔

اس معطلی کے احکام سپریم کورٹ کی مقررہ جسٹس (ریٹائرڈ ) آر ایم لودھا کمیٹی نے جاری کئے ، جسے تحقیقات کے بعد سزاء کے تعین کا فیصلہ کرنے کا مجاز قرار دیا گیا تھا ۔ آف اسپنر روی چندرن اشون کو پونے نے اپنی تیسری پسند کے طورپر منتخب کیا اور انھیں 7.5 کروڑ روپئے کا معاوضہ حاصل ہوگا ۔ نیوزی لینڈ کیپٹن برینڈن میک کلم اس پوزیشن پر راجکوٹ کی پسند ثابت ہوئے ۔ چوتھے مقام پر دونوں ٹیموں نے آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ (5.5 کروڑ روپئے ) ، پونے کی ٹیم میں اور جیمس فالکنر(5.5 کروڑ روپئے ) راجکوٹ کی ٹیم میں چلے گئے ۔ پونے نے اپنے پانچویں اور آخری کھلاڑی کی حیثیت سے جنوبی افریقی بیٹسمین فاف ڈوپلیسی کو منتخب کیا ، جبکہ ویسٹ انڈیز کے ڈوین براؤو راجکوٹ کا انتخاب رہے ۔ یہ دونوں کھلاڑی 4 کروڑ روپئے حاصل کریں گے ۔ اس ڈرافٹ پول میں صرف چینائی سوپر کنگس اور راجستھان رائلز کے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا کیونکہ یہ دونوں ٹیمیں آئی پی ایل میں فی الحال حصہ نہیں لے سکتی ہیں۔ جن کھلاڑیوں کو منتخب نہیں کیا گیا وہ 6 فبروری کو مقررہ پلیرس آکشن میں دستیاب رہیں گے ۔ اس ٹوئنٹی 20 لیگ کا اگلا ایڈیشن 9 اپریل تا 29 مئی منعقد کیا جائیگا ۔ آج کے منتخب کھلاڑیوں میں سے رہانے ، فالکنر اور اسمتھ گزشتہ سال راجستھان کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ بقیہ کا تعلق چینائی سے رہا ۔ جملہ 50 کھلاڑی آج انتخاب کیلئے دستیاب تھے ۔

TOPPOPULARRECENT