Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / آئی پی ایل ‘ رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم 49رن پر ڈھیر

آئی پی ایل ‘ رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم 49رن پر ڈھیر

کوئی بھی بلے باز دو ہندسی اسکور نہیں کرسکا ۔کولکتہ کے خلاف 82 رنوں سے شکست
کولکتہ 23 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے آئی پی ایل کے ایک کم اسکورنگ والے میچ میں بڑے کھلاڑیوں پر مشتمل رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف 82 رنز کے فرق سے کامیابی حاصل کی ۔ اس میچ میں کولکتہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے توقعات سے بہت کم محض 131 رنز بنائے تھے اور جواب میں بنگلور کی ٹیم کو محض 49 رنوں پر ڈھیر کردیا ۔ یہ آئی پی ایل کا سب سے کم اسکور رہا ہے ۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ بنگلور کا ایک بھی بلے باز دو ہندسی اسکور تک نہیں پہونچ سکا اور ٹیم کیلئے سب سے زیادہ 9 رنز وکٹ کیپر کیدار جادھو نے بنائے ۔ ابتداء میں کولکتہ کے بلے باز بھی خاطر خواہ رنز بنانے میں ناکام رہے تھے ۔ صرف اوپنر سنیل نارائن نے 17 گیندوں میں ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 34رن بنائے تھے اور یہی سارے میچ کا اعظم ترین اسکور رہا ۔ کپتان گمبھیر 14 ‘ اتھپا 11 منیش پانڈے 15 ‘ یوسف پٹھان 8 ‘ سوریہ کمار یادو 15 ‘ اور کرس ووکس 18 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے ۔ بنگلور کیلئے یزویندر چہل سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے چار اوورس میں 16 رنز دے کر تین وکٹس حاصل کئے تھے ۔ ملز اور پون نیگی کو دو دو وکٹس ملے تھے جبکہ بدری ‘ سریناتھ اروند اور اسٹیورٹ بنی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی ۔ جواب میں بنگلور کی ساری ٹیم 49 رنوں پر ڈھیر ہوگئی ۔ کرس گیل نے 17 گیندوں میں 7 رن بنائے ۔ کپتان کوہلی صفر ‘ مندیپ سنگھ ایک ‘ اے بی ڈی ولئیرس 8 ‘ کیدار جادھو 9 ‘ اسٹیورٹ بنی 8 ‘ پون نیگی 2 ‘ ایس بدری صفر ‘ ملز 2 اور یزویندر چہل صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ سریناتھ اروند پانچ رن بناکر ناٹ آوٹ رہے تھے ۔ کولکتہ کی جانب سے کرس ووکس نے 2 اوورس میں 6 رن دے کر تین وکٹس حاصل ئے جبکہ کولٹر نائیل اور سی ڈی گرانڈ ہوم کو بھی تین تین وکٹس ملے ۔ کولکتہ کے کولٹر نائیل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT