Monday , June 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / آئی پی ایل کے 11 ویں ایڈیشن میں کے کے آر کی کمان دنیش کارتک کو

آئی پی ایل کے 11 ویں ایڈیشن میں کے کے آر کی کمان دنیش کارتک کو

کولکتہ، 04 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دو بار فاتح رہ چکی کولکاتا نائٹ رائڈرس (کے کے آر) نے لیگ کے 11 ویں ایڈیشن کے لئے وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک کو نیا کپتان بنائے جانے کا اتوار کو اعلان کیا ۔32 سال کے کارتک کو کولکاتا نے جنوری میں ہوئی نیلامی میں 7.4 کروڑ روپے کی رقم میں خریدا تھا اور وہ ٹیم کے کپتان بننے کی دوڑ میں سب سے آگے چل رہے تھے ۔کپتان کی ریس میں ایک اور وکٹ کیپر رابن اتھپا بھی شامل تھے جنہیں ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے ۔کارتک آئی پی ایل کی تاریخ میں کولکتہ کے چوتھے کپتان ہوں گے ۔ان سے پہلے سوربھ گنگولی، برینڈن میک کلم اور گوتم گمبھیر ٹیم کی کمان سنبھال چکے ہیں۔ گمبھیر سات برس تک کولکتہ کے کپتان رہے ۔گمبھیر نے اپنی کپتانی میں کولکتہ کو دو بار چمپئن بنایا لیکن اس بار انہیں رٹین نہیں کیا گیا اور پھر دہلی ڈئیرڈیولس نے گمبھیر کو اپنی ٹیم میں خرید لیا۔ہندستان کے لئے 23 ٹیسٹ، 79 ون ڈے اور 14 ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیل چکے کارتک آئی پی ایل میں 2008 کے ابتدائی سیزن کے بعد سے اب تک پانچ ٹیموں کے لئے کھیل چکے ہیں۔کولکتہ سے جڑنے سے پہلے وہ دہلی ڈئیر ڈیولس،کنگز الیون پنجاب، ممبئی انڈینز، رائل چیلنجرس بنگلور اور گجرات لائنز کی طرف سے کھیل چکے تھے ۔اس کے علاوہ وہ اپنی گھریلو ٹیم تمل ناڈو کی بھی کمان سنبھال چکے ہیں۔کارتک نے اپنی کپتانی میں تمل ناڈو کو 2009۔10 میں وجے ہزارے ٹرافی کا خطاب دلایا تھا۔اس کے علاوہ وہ انڈیا ریڈ کی طرف سے بھی کپتانی کر چکے ہیں جس نے کارتک کی کپتانی میں ہی گزشتہ سال دلیپ ٹرافی کا خطاب جیتا تھا۔ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں تمل ناڈو کی کپتانی کے طور پر ان کا جیت کا ریکارڈ 72 فیصد رہا ہے ۔
کولکتہ ٹیم کے نئے کپتان بنائے جانے کے بعد کارتک نے کہاکہ آئی پی ایل کی سب سے کامیاب ٹیم کولکتہ کی قیادت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور میں اس نئے چیلنج کے لئے تیار ہوں۔ میں اس ٹیم کی قیادت کرنے کے لئے انتہائی پرجوش ہوں جس میں تجربے اور نوجوانوں کا مرکب ہے ۔کروڑوں لوگوں کی من پسند کے کے آر کے لئے میں اپنی بہترین کارکردگی دوں گا۔نائب کپتان بنائے گئے اتھپا سال 2014 سے ہی کے کے آر سے جڑے ہوئے ہیں لیکن اس بار انہیں ایک نئی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔اتھپا ہندستان کے لئے 46 ون ڈے اور 13 ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں۔گمبھیر ، ڈی کے کے نام سے مشہور کارتک اور اتھپا ہندستان کی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے 2007 میں پہلا ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔32 سال کے اتھپا نے کہاکہ ڈی اور میں انڈر 17 سے ہی ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔ان کے ساتھ کام کرنے کو لے کر میں بہت پرجوش ہوں۔اتھپا کولکتہ سے جڑنے سے پہلے ممبئی انڈینس ، پنے واریرز اور رائل چیلنجرس بنگلور کے لئے بھی کھیل چکے تھے ۔کولکاتا ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ سائمن کیٹچ نے کہاکہ کارتک گزشتہ 10 برسوں سے آئی پی ایل سے جڑے ہوئے ہیں۔گھریلو ٹی 20 ٹورنامنٹ میں ان کا شاندار ریکارڈ رہا ہے ۔کپتان کے طور پر ان کا جیت کا ریکارڈ 72 فیصد ہے ۔مجھے امید ہے کہ ان کا تجربہ ٹیم کے کام آئے گا اور وہ اس بار اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔کارتک نے گزشتہ سال آئی پی ایل میں گجرات لائنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 36.1 کی اوسط سے 361 رنز بنائے تھے ۔آئی پی ایل کے چھٹے ایڈیشن میں انہوں نے ممبئی کو چمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور 510 رن بنانے کے علاوہ وکٹ کے پیچھے 14 شکار بھی کیے تھے ۔دو بار کی چمپئن کولکتہ لیگ کے 11 ویں ایڈیشن میں آٹھ اپریل کو کولکتہ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف میچ سے اپنی مہم کی شروعات کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT