Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / آبپاشی پراجکٹس مقررہ وقت میں مکمل ہوں گے ، اپوزیشن کی رکاوٹ ناکام ہوگی

آبپاشی پراجکٹس مقررہ وقت میں مکمل ہوں گے ، اپوزیشن کی رکاوٹ ناکام ہوگی

سنہرا تلنگانہ کے وعدہ پر تیزی سے عمل جاری ، ایس نرنجن ریڈی کی اپوزیشن پر تنقید
حیدرآباد ۔ 5۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ کمیشن کے نائب صدرنشین ایس نرنجن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کسانوں کی بھلائی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن عدالتوں میں مقدمات کے ذریعہ کانگریس قائدین اسکیمات کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ نرنجن ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ نے تین برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ زراعت اور دیگر شعبہ جات میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی مقررہ وقت پر تعمیر حکومت کا مقصد ہے اور اپوزیشن کی جانب سے لاکھ رکاوٹوں کے باوجود کے سی آر حکومت پراجکٹس کی تکمیل کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے عوام سے سنہرے تلنگانہ کا جو وعدہ کیا تھا ، اس پر تیزی سے عمل پیرا ہے۔ نرنجن ریڈی نے کانگریس اور تلگو دیشم کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسکیمات کی راہ میں رکاوٹ دراصل تلنگانہ کی ترقی کو روکنا ہے۔ اس طرح کے عناصر کو تلنگانہ کے عوام معاف نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والے قائدین کو عوام مناسب سبق سکھائیں گے اور انہیں ڈپازٹ بھی حاصل نہیں ہوگا۔ نرنجن ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے اراضی سروے کے ذریعہ کسانوں کی بھلائی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس سروے میں زرعی اراضی اور اس کے مالکین کی نشاندہی ہوگی اور آئندہ سال سے کسانوں کو دو فصلوں کیلئے فی ایکر 8000 روپئے امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست کی ترقی کیلئے تعمیری رول ادا کرے اور ہر اسکیم کی مخالفت کو ترک کردے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات اور زرعی شعبہ کیلئے ٹی آر ایس حکومت نے کئی تاریخی قدم اٹھائے ہیں۔ سماج کے ہر طبقہ کی ترقی اور ہر شخص کی خوشحالی کے سی آر حکومت کا مقصد عین ہے۔ نرنجن ریڈی نے کہا کہ شہری علاقوں کی ترقی پر حکومت نے خصوصی توجہ مبذول کی ہے اور کئی نئے پراجکٹس کا جلد آغاز ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT