Thursday , August 16 2018
Home / شہر کی خبریں / آبپاشی پراجیکٹس وقت پر مکمل کئے جائیں معیار کو برقرار رکھنے ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کی ہدایت

آبپاشی پراجیکٹس وقت پر مکمل کئے جائیں معیار کو برقرار رکھنے ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کی ہدایت

حیدرآباد 4 فبروری ( این ایس ایس ) وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تمام آبپاشی پراجیکٹس شیڈول کے مطابق مکمل کریں اور معیار پر توجہ دیں۔ ہریش راؤ نے یہاں آبپاشی پراجیکٹس پر ایک اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد کیا اور الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت نے تلنگانہ میں آبپاشی پراجیکٹس کو نظر انداز کردیا تھا اور فصلوں کو پانی فراہم نہیں کیا جاتا تھا ۔ اب برسر اقتدار ٹی آر ایس کی جانب سے آبپاشی پراجیکٹس کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ ایک کروڑ ایکڑ اراضیات کو سیراب کیا جاسکے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ فیلڈ اور کوالٹی انجینئرس کو چاہئے کہ وہ پراجیکٹس کی سائیٹس کا دورہ کریں اور اس کے بعد ہی بلز جاری کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں اور کام کرنے والی ایجنسیوں کے مابین تال میل ہونا چاہئے اور اس کے نتیجہ میں سرکاری کام شیڈول کے مطابق مکمل ہونے چاہئیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست میں پراجیکٹس سے متعلق کاموں کیلئے یومیہ دو لاکھ سمنٹ کے تھیلے استعمال ہو رہے ہیں۔ ریاست ایک ایسی شناخت حاصل کرلیگی جہاں پراجیکٹس بروقت اور کم وقت میں مکمل کئے جاتے ہیں اور مستقبل میں یہ کام یادگار رہیں گے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کالیشورم ‘ پالمور اور دوسرے پراجیکٹس کے کاموں کو مقررہ وقت پر مکمل کرلیا جائیگا ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ تمام کاموں کی تکمیل میں معیار کی برقراری کا خاص خیال رکھا جائیگا ۔

TOPPOPULARRECENT