Thursday , December 14 2017
Home / اضلاع کی خبریں / آبی بحران پر قابو پانے حکومت سے تعاون کرنے کا مشورہ

آبی بحران پر قابو پانے حکومت سے تعاون کرنے کا مشورہ

نلگنڈہ میں رکن پارلیمان جی سکھیندر ریڈی کی پریس کانفرنس
نلگنڈہ۔/10اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست کرناٹک سے تلنگانہ کو آبی سربراہی کیلئے کانگریس قائدین بھی نمائندگی کرتے ہوئے آبی بحران پر قابو پانے میں حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے۔ کرشنا ندی میں سطح آب میں کمی کی وجہ سے حیدرآباد اور ضلع میں پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین ہوگیا ہے۔ کانگریس قائدین حکومت کے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے بجائے حکومت کرناٹک اور پارٹی ہائی کمان سے نمائندگی کرنے کی ٹی آر ایس قائد و رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ مسٹر جی سکھیندر ریڈی نے آج اپنی رہائش گاہ پر صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ آبی بحران پیدا ہونے کے خدشہ سے ہی ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راؤ نے کرناٹک کی کانگریس حکومت کو 15 ٹی ایم سی پانی کرشنا میں چھوڑنے کیلئے تحریری مراسلہ روانہ کیا ہے لیکن حکومت کرناٹک نے تاحال اس خصوص میں کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ ایسے میں ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے پردیش کانگریس صدر اور سی ایل پی قائد کو چاہیئے کہ وہ ضلع نلگنڈہ کے کرشنا ندی کے سرحدی علاقوں کے کسانوں اور ضلع کو پینے کے پانی کے علاوہ حیدرآباد کو آبی سربراہی کیلئے پارٹی کے اعلیٰ قائدین اور حکومت کرناٹک سے نمائندگی کریں اور دباؤ ڈالیں۔انہوں نے بتایا کہ کانگریس قائدین صرف حکومت پر تنقیدیں اور الزامات عائد کرنے کے علاوہ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں پیدا کرنے پر توجہ دے رہے ہیں اور یہ قائدین ضلع میں میڈیکل کالج کی منظوری کیلئے نمائندگی کرنے کے بجائے ضلع کریم نگر میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں اور مقدمات کے ذریعہ اقتدار حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ نے چیف منسٹر کو ہیرا قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ایس آر ایس پی اور کالیشورم کے علاوہ گوداوری کے پانی سے ضلع بھونگیر کو آبپاشی اور پینے کے پانی کی سربراہی کے کاموں کا آغاز کیا ہے اور ضلع میں 4600 میگا واٹ تھرمل پاور پلانٹ کی منظوری حاصل کرتے ہوئے حصول اراضی کیلئے تمام متاثرین کو فی ایکر 5 لاکھ روپئے سے زیادہ کی رقم دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 702 ایکر اراضی حاصل کی گئی اور معاوضہ کی فوری اجرائی کیلئے جی او بھی جاری کیا گیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مریال گوڑہ مسٹر بھاسکر راؤ نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ اس صحافتی کانفرنس میں ٹی آر ایس حلقہ اسمبلی انچارج مسٹر ڈی نرسمہا ریڈی و دیگر موجود تھے۔

 

Top Stories

TOPPOPULARRECENT