Wednesday , February 21 2018
Home / Top Stories / آب زم زم کنویں کا توسیعی منصوبہ وقت پر مکمل ہوجائیگا: شیخ السدیس

آب زم زم کنویں کا توسیعی منصوبہ وقت پر مکمل ہوجائیگا: شیخ السدیس

مکہ معظمہ ۔ یکم ؍ فروری (سیاست ڈاٹ کام) ادارہ امور حرمین کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے زم زم منصوبے کا اچانک دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرم مکی شریف میں زم زم کنوئیں میں ترمیم کی ہدایات جاری کی تھی، جس پر کام جاری ہے۔ شیخ السدیس نے زم زم کنویں پر جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔ اس دوران چیف انجینئر نے انہیں تمام مراحل کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے مکمل ہونے والے کام کے بارے میں بتایا کہ آب زم زم منصوبہ وقت مقررہ کے مطابق چل رہا ہے۔ 72 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ اس موقع پر شیخ السدیس نے کہا کہ منصوبہ کافی بہتر طور پر جاری ہے۔ امید ہیکہ وقت مقررہ یا اس سے قبل مکمل ہوجائے گا۔ آب زم زم کنویں کی توسیع اور ازسرنو مرمت کے بعد زم زم کی روانی مزید بہتر ہوجائے گی۔ ڈاکٹر سدیس کا کہنا تھا کہ حرم شریف میں آنے والے زائرین اور معتمرین کی سلامتی کو بھی مدنظر رکھ کر کام کیا جاتا ہے تاکہ کسی کو نقصان نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ خادم حرمین الشریفین حرمین کے توسیعی منصوبوں کے حوالے سے انتہائی حساس ہیں اور مسلسل ترقیاتی امور کے بارے میں مسلسل رپورٹ حاصل کرتے رہتے ہیں۔ واضح رہے آب زم زم کے کنویں کی ازسرنو مرمت اور اسے مزید بہتر کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر 24 گھنٹے کام جاری ہے۔ امید ہیکہ منصوبہ ماہ رمضان المبارک سے قبل مکمل ہوجائے گا۔

TOPPOPULARRECENT