Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / آج امریکہ کا برطانیہ اور گھانا کا مالی سے کوارٹر فائنل

آج امریکہ کا برطانیہ اور گھانا کا مالی سے کوارٹر فائنل

l مالی کیخلاف آفریقہ کپ کی شکست کا گھانا حساب برابر کرنے کاکا خواہاں
l دنیا کے دو سوپر پاور ممالک کے درمیان انڈر 17 سطح کا پہلا مقابلہ

گوہاٹی ؍ گوا ۔ 20 اکتوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلہ کا کل آغاز ہورہا ہے جس میں عوامی توجہہ دنیا کے دو سوپر پاور کہلانے والے ممالک امریکہ اور برطانیہ کے درمیان ہونیو الا کوارٹر فائنل مقابلہ بھی شامل ہے جیسا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ انڈر 17 سطح پر انگلینڈ اور امریکہ ایک دوسرے کے مدمقابل ہورہی ہیں ، حالانکہ فیفا ورلڈ کپ کے مرد زمرے کے مقابلوں میں یہ دونوں ٹیمیں دو مرتبہ مدمقابل ہوئی ہیں ۔ جیسا کہ 1950 ء اور 2010 ء میں امریکہ اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ ہوا تھا لیکن انڈر 17 میں یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہورہی ہیں۔ اسی لئے عوامی توجہہ اس مقابلے پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ پری کوارٹر فائنل مقابلے میں امریکہ نے نئی دہلی میں کھیلے گئے مقابلے میں پیراگوئے کو 5-0 کی یکطرفہ شکست سے دوچار کیا جس میں ٹم وے نے ہیٹ ٹرک گول بنائے جبکہ اینڈریو کیرلیٹن کے ہمراہ جوش سرجنٹ نے فی کس ایک گول بنایا تھا۔ دوسری جانب انگلینڈ اور جاپان کے درمیان منعقدہ پری کوارٹر فائنل مقابلہ پنالٹی شوٹ کے ذریعہ نتیجہ خیز بنایا گیا کیونکہ کولکتہ میں منعقدہ اس مقابلے کے مقررہ 90 منٹ تک دونوں ہی ٹیمیں گول بنانے میں ناکام رہی تھیںجس کے بعد یہ 0-0 سے برابری پر ختم ہوا تھا ۔ جس کے بعد پنالٹی ککس میں انگلینڈ نے 5-3 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے گوا کے پنڈت جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں امریکہ کے خلاف کوارٹر فائنل مقابلہ یقینی بنایا ہے ۔ علاوہ ازیں گوہاٹی میں دو مرتبہ کی چمپیئن گھانا اور آفریقی خط سے تعلق رکھنے والے دوسرے ملک مالی کے درمیان دوسرا کوارٹر فائنل مقابلہ کھیلا جائے گا ۔ آفریقہ سے تعلق رکھنے والے یہ دونوں ممالک کا کھیل تقریباً یکساں ہیں اور ان کی تکنیک بھی ایک جیسی ہی ہے ۔ لیکن گھانا چونکہ دو مرتبہ کا چمپیئن ہے اور وہ 1995ء کے بعد پھر ایک مرتبہ یہاں چمپیئن بننے کا خواہاں ہے جس کیلئے اُسے ناک آؤٹ مرحلے میں ایک اور کامیابی حاصل کرنی ہوگی ۔ گھانا نے اس سے قبل انڈر 17 آفریقہ کپ آف نیشنس میں مالی کے خلاف 1-0 کی ناکامی برداشت کرچکا ہے اور وہ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں اس ناکامی کا حساب برابر کرنے کیلئے کوشاں ہوگا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان جہاں مضبوط ڈیفنس موجود ہے وہیں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اپنی رفتار اور گول پوسٹ پر جارحانہ حملوں کیلئے مشہور ہیں۔ ایک ہی خطہ سے تعلق رکھنے والے ان دو ممالک کے درمیان ایک دلچسپ اور مسابقتی مقابلے کا اُمید کی جارہی ہے ۔

 

TOPPOPULARRECENT