Saturday , December 15 2018

آج راہول کی دعوت افطار سابق صدور و اپوزیشن قائدین کی شرکت متوقع

نئی دہلی 12 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق صدور جمہوریہ پرنب مکرجی اور پرتیبھا پاٹل ‘ سابق نائب صدر جمہوریہ جناب حامد انصاری اور کئی اپوزیشن قائدین امکان ہے کہ کانگریس صدر راہول گاندھی کی جانب سے منعقد کی جانے والی دعوت افطار میں شرکت کرینگے ۔ یہ افطار دعوت کل ہونے والی ہے ۔ راہول گاندھی نے کئی اپوزیشن قائدین اور سینئر پارٹی قائدین کو اس افطار کیلئے مدعو کیا ہے ۔ یہ کانگریس صدر کی جانب سے منعقد کی جانے والی پہلی دعوت افطار ہوگی ۔ ذرائع کے بموجب دہلی کی ایک بڑی ہوٹل میں ہونے والی اس دعوت میں کانگریس کے کئی قائدین کے علاوہ اپوزیشن کے بھی قائدین کی شرکت کا امکان ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ راہول گاندھی کیلئے یہ پہلا موقع ہے کہ وہ کانگریس کی صدارت قبول کرنے کے بعد افطار منعقد کر رہے ہیں۔ اس دعوت میں اپوزیشن کے ان قائدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے جو بی جے پی کے خلاف محاذ بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ کانگریس نے گذشتہ دو سال کے دوران افطار دعوت منعقد نہیں کی تھی اور اس کی آخری افطار دعوت 2015 میں ہوئی تھی ۔ اس وقت کی کانگریس صدر سونیا گاندھی نے یہ دعوت منعقد کی تھی ۔ پارٹی روایتی طور پر مختلف مذاہب کے مانے والوں اور اعلی سفارتکاروں کو بھی دعوت میں مدعو کرتی رہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT