Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / آج سے عازمین کی رپورٹنگ کا آغاز

آج سے عازمین کی رپورٹنگ کا آغاز

حج کیمپ کی تیاریاں مکمل
آج سے عازمین کی رپورٹنگ کا آغاز
عمارات حج ہاوز اور شمس آباد ایرپورٹ پر سہولتوں کا جائزہ ، محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر کا دورہ

حیدرآباد۔11 اگست (سیاست نیوز) حج 2017ء کے لیے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا 13 اگست کی رات آغاز ہوگا اور نام پلی میں حج کیمپ کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ عازمین حج کل 12 اگست سے حج کیمپ میں رپورٹنگ کا آغاز کریں گے اور ہر فلائٹ کے لیے 48 گھنٹے قبل رپورٹنگ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج حج ہائوز میں قائم کئے گئے حج کیمپ اور شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر خصوصی حج ٹرمینل کا دورہ کرتے ہوئے عازمین حج کی سہولتوں کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کیمپ اور ٹرمینل میں انتظامات بہتر سے بہتر بنائے جائیں کیوں کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے خصوصی ہدایت دی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے ہمراہ پہلے حج ٹرمینل شمس آباد کا دورہ کیا اور جی ایم آر کمپنی کے عہدیداروں کے ساتھ ٹرمینل کا معائنہ کیا۔ ٹرمینل کو جاریہ سال مکمل طور پر ایرکنڈیشنڈ اور ہال کو مزید کشادہ کردیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین کی گنجائش فراہم ہو۔ جی ایم آر کے عہدیداروں نے بتایا کہ ویزیٹرس کے لیے بھی واٹر پروف ٹینٹ تعمیر کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ نماز کی ادائیگی کے لیے ایک علیحدہ ٹینٹ رہے گا۔ عازمین کی روانگی کے موقع پر 500 ویزیٹرس کی گنجائش رہے گی جبکہ حاجیوں کے قافلہ کی واپسی کے وقت ایک ہزار ویزیٹرس کی گنجائش کا ٹینٹ رہے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حج ٹرمینل کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد میں انہوں نے حج ہائوز نام پلی پہنچ کر حج کیمپ کا معائنہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT