Sunday , July 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / آج فائنل میں افغانستان کا پاکستان سے مقابلہ

آج فائنل میں افغانستان کا پاکستان سے مقابلہ

کوالالمپور۔18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کی ٹیم نے ہندوستان کو حیران کن شکست دینے والی نیپالی ٹیم کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی۔اے سی سی انڈر19 ٹورنمنٹ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔قبل ازیں دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان نے 7 وکٹوں کیساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے خطاب کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔کوالالمپور میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔نیپال کی ٹیم 28 اوورز میں صرف 103رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، انیل ساہا نے نصف سنچری بنائی، ان کے سوا کوئی بیٹسمین دہرے ہندسے میں پہنچ سکا۔ افغانستان کے مجیب نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 28 رنز پر6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، قیس احمد نے2 وکٹیں لیں۔افغانستان نے 18 اوورز میں ایک وکٹ پر 94 رنز بنائے تھے کہ بارش نے مداخلت کردی۔ کھیل دوبارہ شروع ہونے پر افغان ٹیم نے مزید 2 وکٹیں گنواکر 20.3 اوور میں ہدف حاصل کر لیا، اوپنر رحمان اللہ نے 71رنز بنا کر نمایاں رہے۔یاد رہے کہ پاکستان نے سیمی فائنل میں ناقابل شکست بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئیس نظام کے تحت 2 رنز سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ پاکستان اور افغانستان کے مابین فیصلہ کن مقابلہ 19 نومبر کو ہو گا۔ ایونٹ کے لیگ میچ میں افغانستان کی ٹیم پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے چکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT