Sunday , December 17 2017
Home / Top Stories / آج لکھنو میں عالمی یوگا ڈے تقریب۔ وزیر اعظم شرکت کرینگے

آج لکھنو میں عالمی یوگا ڈے تقریب۔ وزیر اعظم شرکت کرینگے

انتظامیہ کی جانب سے تیاریوں کو قطعیت ۔ لکھنو کے سارے پارکس میں ایل ای ڈی اسکرینس کی تنصیب
لکھنو 20 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) لکھنو میں کل ہونے والے بین الاقوامی یوگا ڈے تقریب کو بڑے پیمانے پر کامیاب بنانے کیلئے تیاریاں پورے زور و شور کے ساتھ کی گئیں جو اب آخری مراحل میں ہیں ۔ اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی ہزاروں دوسروں کے ساتھ یوگا میں حصہ لیں گے جبکہ حکام کی جانب سے موسم کے حالات پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب کل مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور یہاں کل بارش یا گرج چمک کے ساتھ ہواؤں کا بھی امکان پایا جاتا ہے ۔ لکھنو ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں کے بموجب کل ہونے والی تقریب میں رما بائی امبیڈکر میدان پر تقریبا 51,560 یوگا کے خواہشمند مختلف آسن کرینگے ۔ اس کے علاوہ مختلف تنظیموں اور اسکولوں سے بھی لوگ اس میں شرکت کرینگے ۔ تیسرے بین الاقوامی یوگا ڈے کے بعض اہم شرکا میں پتانجی سنستھان ‘ این سی سی ‘ دیو سنسکرتی سنستھان ‘ آرٹ آف لیونگ ‘ برہما کماریز ‘ سی آر پی ایف اور سشستر سیما بل ( ایس ایس بی ) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تقریبا 80 بیرونی شرکا بھی امکان ہے کہ اس تقریب میں شرکت کرینگے ۔ 80 منٹ کا یہ پروگرام صبح 6.30 بجے شروع ہوگا جس کیلئے تیاری حکومت نے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین بشمول سابق چیف منسٹر اکھیلیش سنگھ یادو ( سماجوادی پارٹی ) اور مایاوتی ( بہوجن سماج پارٹی ) کو بھی دعوت نامے روانہ کئے ہیں۔ اڈیشنل ضلع مجسٹریٹ ( لکھنو ایسٹ ) وریندر پانڈے نے کہا کہ تقریب کے شرکا کو رات دو بجے سے صبح 5.30 بجے تک میدان میں داخلہ دیا جائیگا ۔ یہاں کئی مقامات پر بڑے ایل ای ڈی اسکرینس لگائے جائیں گے تاکہ عوام قریب سے یوگا آسان دیکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہاں داخلہ نہ پاسکیں ان کیلئے لکھنو کے تمام گیارہ پارکس میں ایل ای ڈی اسکرینس لگائے جائیں گے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کل کے پروگرام کیلئے تقریبا 400 سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے ۔ لکھنو کے پڑوسی اضلاع کے پولیس عہدیداروں کو بھی احتیاطی اقدامات کیلئے چوکس کردیا گیا ہے ۔ خاص طور پر اس صورت میں جبکہ بھارتیہ کسان یونین ( بی کے یو ) نے ریاستی دارالحکومت تک پہونچنے والی شاہراہوں پر احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ بھارت کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے کہا کہ ان کی تنظیم کے ذمہ داران کسانوں کے ساتھ مل کر مختلف شہروں کی سڑکوں پر یوگا کرینگے ۔ کسانوں کے مسائل حل کرنے کی سمت حکومت کی عدم پیشرف کے خلاف یہ ہمارا احتجاج ہوگا ۔ یونین کے جنرل سکریٹر ی دھرمیندر ملک نے نے کہا کہ اس تنظیم کے حامیوں کی جانب سے ’’ شیرساشن ‘‘ کیا جائیگا ۔ سماجوادی پارٹی کی جانب سے کل یوگا ڈے کے موقع پر سائیکل یاترائیں منظم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ 14 مئی کو مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ نے بین الاقوامی یوگا ڈے تقاریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا تھا ۔ کل ہی ریاستی گورنر رام نائک نے بھی رما بائی امبیڈکر میدان پہونچ کر تیاریوں کا جائزہ لیا ہے ۔ شہر میں مختلف مقامات سے عوام کو یہاں لانے بسوں کا اہتمام کیا گیا ہے اور انہیں بھی خاص ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ عوام کو صرف پارکنگ لاٹ میں اتاریں اور سڑکوں پر نہ چھوڑیں۔ مختلف محکموں کو بھی اس پروگرام کیلئے مختلف ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT