Wednesday , December 12 2018

آج ملین مارچ کو ناکام بنانے پولیس سرگرم ‘ سینکڑوں افراد گرفتار

ٹینک بنڈ پر 11 بجے دن سے شام 5 بجے تک ٹریفک کا داخلہ بند ‘ بھاری پولیس بندوبست

حیدرآباد /9 مارچ ( سیاست نیوز ) تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے کل ملین مارچ منعقد کرنے کے اعلان کے پیش نظر سٹی پولیس نے ٹینک بنڈ پر ٹریفک کو بند کردینے کا فیصلہ کیا اور ٹریفک تحدیدات عائد کردئے ہیں ۔ ملین مارچ میں شرکت کیلئے شہر کی سمت آنے والے کئی جے اے سی ارکان ؤ قائدین کو پولیس نے احتیاطا گرفتار کرلیا اور شہر و اطراف و اکناف میں تقریباً 450 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ کنوینر جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈارام کی رہائش گاہ پر پولیس فورس متعین کردی گئی اور انہیں کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے ۔واضح رہے کہ سنٹرل زون پولیس نے جے اے سی کی ملین مارچ منعقد کرنے کی درخواست کو مسترد کرکے لا اینڈ آرڈر سے متعلق اقدامات کئے ہیں ۔ملین مارچ کے اعلان کے بعد پولیس نے ریاست بھر بالخصوص شہر میں چوکسی اختیار کرلی ہے اور بھاری پولیس فورس کو مختلف علاقوں میں متعین کیا جارہا ہے ۔ کمشنر پولیس مسٹر وی وی سرینواس راؤ نے بتایا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ملین مارچ کے پیش نظر کل صبح 11 بجے تا شام 5 بجے تک ٹینک بنڈ عوام کیلئے بند کردیا جائیگا ۔پولیس نے دونوں شہروں میں تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی ہے اور ٹینک بنڈ کی سمت بڑھنے والے افراد کو فوری گرفتار کرنے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔

پولیس نے ٹینک بنڈ کے اطراف و اکناف میں بھاری پولیس فورس کو متعین کیا ہے اور ویڈیو گرافی کے ذریعہ ملین مارچ میں شریک ہونے والے افراد پر نظر رکھی جائیگی ۔جے اے سی کے ملین مارچ کے حق میں سی پی آئی ، سی پی ایم ، تلنگانہ انٹی پارٹی کے علاوہ ایم آر پی سی نے بھی مدد کا اعلان کیا ۔ پولیس احکام کے بموجب مختلف مقامات پر ٹریفک کے رُخ کو موڑ دیا جائے گا ۔ سکندرآباد سے حیدرآباد آنے والی ٹریفک کو روک دیا جائیگا اور اسے کربلا میدان ، سیلنگ کلب ، کواڑی گوڑہ چوراہا ، ڈی بی آر ملس ، کٹہ میسما ، امبیڈکر مجسمہ ، تلگو تلی فلائی اوور سے رویندر بھارتی کی سمت موڑ دیا گیا ہے ۔ اسی طرح نکلس روٹری اور تلگو تلی فلائی اوور کی سمت ٹریفک کو روک دیا گیا اور اس کا رخ گگن محل ، اندرا پارک کی سمت کردیا گیا ہے ۔ نرنگ کاری ، قدیم سیف آباد پولیس اسٹیشن ، اقبال مینار سے آنے والی ٹریفک کا رخ منٹ کمپاونڈ ، سکریٹریٹ سلپ روڈ ، این ٹی آر مارگ ، نکلس روڈ ، سنجیوایا پارک اور نلہ گٹہ سے سکندرآباد موڑ دیا جائے گا ۔ لبرٹی سے آنے والی ٹریفک کے بہاؤ کا رخ بی آر کے بھون ، تلگو تلی فلائی اوور ، نکلس روڈ سے سنجیوا پارک سکندرآباد موڑ دیا جائیگا ۔ بشیر باغ ، گرانڈ بازار ، کرسٹل ہوٹل ، تلگو تلی فلائی اوور سے آنے والی ٹریفک کا رخ منٹ کمپاونڈ سے رویندرا بھارتی کے طرف کردیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT