Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / آج پرانے شہر میں تاریخی بی بی کے علم کا جلوس

آج پرانے شہر میں تاریخی بی بی کے علم کا جلوس

حیدرآباد 23 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) آج یوم عاشورہ کے موقع پر بی بی کے علم کا مرکزی جلوس برآمد ہوگا ۔ بی بی کے علم کا جلوس ٹھیک ایک بجے دن الاوہ بی بی دبیر پورہ سے برآمد ہوگا ۔ علم ایک سجے سجائے ہاتھی پر اٹھائے جائیں گے ۔ قبل از برآمدگی علم گروہ شیدائے شبیر کی جانب سے مجلس پرسہ برپا ہوگی ۔ یہ جلوس بی بی کے الاوہ سے برآمد ہوکر براہ کمان شیخ فیض ‘ یاقوت پورہ دروازہ ‘ مسجد لشکر جنگ ‘ کوٹلہ عالیجاہ ‘ چارمینار ‘ گلزار حوض ‘ پنجہ شاہ سے ہوتا ہوا الاوہ قدم رسول پہونچے گا ۔ یہاں علم بی بی کو اتار کر قدم رسول میں لیجایا جائیگا ۔ وہاں مجلس عزا برپا ہوگی ۔ قدم رسول کے بعد علم بی بی کا جلوس اعتبار چوک ‘ منڈی میر عالم ‘ پرانی حویلی ‘ دارالشفا ‘ عزا خانہ زہرہ ‘ کالی قبر سے ہوتا ہوا مسجد الہی چادر گھاٹ پہونچے گا جہاںعلم کو ٹھنڈا کیا جائیگا ۔ جلوس کے ہمراہ 30 ماتمی انجمنوں کی جانب سے سینہ زنی کی جائیگی ۔ ان میں انجمن معصومین ‘ گروہ شیدائے شبیر ‘ گروہ کاظمی ‘ انجمن العباس ‘ انجمن علمدار حسینی ‘ انجمن عون و محمد اور گروہ بے شیر شامل ہیں۔ علاوہ ازیں مرکزی انجمن ماتمی گروہان اخباری قدم رسول پر جلوس میں شامل ہوگی اور دیوڑھی عنایت جنگ تک اس میں شامل رہے گی ۔ خانوادہ نظام کی جانب سے پرانی حویلی پر علم مبارک پر ڈھٹی پیش کی جائیگی ۔ دارالشفا پر کمشنر پولیس حیدرآباد ڈھٹی پیش کرینگے ۔ چارمینار پر ڈی سی پی ساؤتھ زون ڈھٹی پیش کرینگے ۔ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی دفتر پر کمشنر بلدیہ کی جانب سے علم مبارک پر ڈھٹی پیش کی جائیگی ۔ منڈی میر عالم اور کالی قبر کے پاس بی جے پی قائدین علم پر ڈھٹی کا نذرانہ پیش کرینگے ۔ ماتمی جلوس تقریبا چھ تا سات گھنٹوں میں سات کیلومیٹر کا یہ فاصلہ طئے کرکے مسجد الہی چادرگھاٹ پہونچے گا جہاں علم کو ٹھنڈا کیا جائیگا ۔ صدر مرکزی انجمن ماتمی گروہان سید نجف علی شوکت نے بتایا کہ یہاں گروہ شیدائے شبیر کی جانب سے ماتم کیا جائیگا ۔ علم بی بی کے جلوس کے موقع پر پولیس کی جانب سے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔ ایک ڈی سی پی کی نگرانی میں جملہ 10 اے سی پیز ‘ 60 انسپکٹران پولیس ‘120  سب انسپکٹران کے علاوہ جملہ 1200 پولیس اہلکاروں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ۔ علاوہ ازیں جلوس گذرنے کے راستوں پر ٹریفک تحدیدات بھی عائد کردی گئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT