آج ہند۔آسٹریلیا تیسرا ٹی 20 ،اسٹارک کی واپسی

سڈنی۔24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) دوسرا ٹوئنٹی 20 مقابلہ بارش کی نذر ہونے کے بعد ہندستانی کرکٹ ٹیم میزبان آسٹریلیا کے خلاف اتوار کو یہاں ہونے والے تیسرے اور آخری مقابلے میں سیریز برابر کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ آسٹریلیا نے پہلا بارش سے متاثرہ میچ ڈک ورتھ لوئیس قانون کے تحت صرف چار رن سے جیتا تھا۔ دوسرے میچ میں ہندستان کا موقف بہتر تھا لیکن بارش نے اس کی جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور میچ بغیر کسی نتیجے کے منسوخ ہو گیا۔ہندستان ٹوئنٹی20 میں اپنی پچھلی نو سیریز سے ناقابل شکست ہے اور اپنا مضبوط سلسلہ برقرار رکھنے کے لئے اسے ہر حال میں آخری میچ جیتنا ضروری ہے ۔ ہندستان نے 2017-18 میں آسٹریلیا سے تین میچوں کی ٹوئنٹی20 سیریز1-1 سے ڈرا کھیلی تھی۔ہندوستانی ٹیم سیریز برابر کرنے ہی اتر سکتی ہے لیکن اہم یہ ہے کہ اس سے اس کے 6 ڈسمبر سے اڈیلیڈ میں شروع ہونے والی ٹسٹ سیریزکا اصل امتحان سے پہلے مثبت رہنے میں مدد ملے گی۔ ہندستان کا ٹی20 میں شاندار سفر جولائی2017 کے بعد سے جاری ہے ۔ اس کے بعد سے اس نے جو27 میچ کھیلے ان میں سے20 میں اس کامیابی ملی۔ یہی نہیں اگست2017 سے ہندستان مسلسل نو ٹی20 سیریز میں غیر مفتوح رہا ہے ۔ ان میں آسٹریلیا کے خلاف اکتوبر2017 میں دو میچوں کی ڈرا سیریز بھی شامل ہے ۔ ہندستان نے آخری مرتبہ2016 میں آسٹریلیا میں تین میچوں کی سیریز میں3-0 سے کلین سویپ کیا تھا۔ اتوار کو جیت درج کر کے اس فارمیٹ میں اپنا جیت کا سفر برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا اس کے لئے ہندوستان کو میلبورن والی فارم برقرار رکھنی ہوگی۔ ہندوستانی بولرز برسبین میں پہلے میچ میں اثر نہیں چھوڑ پائے تھے لیکن اس میں تبدیلی نہیں کی گئی اور انبولروں نے میلبورن میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اگر حالات اسپنروں کے موافق رہتے ہیں تو ہندستان چہل کو حتمی الیون میں رکھنے پر غور کر سکتا ہے ۔ اس کے لیے خلیل احمد کو باہر بیٹھنا ہوگا جو ابھی تک مہنگے ثابت ہوئے ہیں ۔خلیل احمد کو باہر کرنا بھی آسان نہیں ہو گا کیونکہ کوہلی بھی قائم مقام کپتان روہت شرما کی حکمت عملی پر چل رہے ہیں۔ اگر خلیل احمد نہیں کھیلتے ہیں تو بھونیشور اور بمراہ کو نئی گیند سنبھالنی ہوگی۔آسٹریلوی ٹیم کی بھی اپنی فکر ہے ۔ اس کا ٹاپ آرڈر نہیں چل رہا ہے ۔فاسٹ بولر بلی اسٹینلیک کے زخمی ہونے کے بعد میچل اسٹارک کی واپسی اس کے لئے خوش آئند ہے ۔ مچل اسٹارک نے اپنا آخری ٹی 20 میچ 2016 میں کھیلا تھا۔ دوسرے میچ میں ناتھن کولٹر نائل ان کی جگہ کھیلے تھے اتوار کو موسم اچھا رہنے کا امکان ہے اور اگر حالات بہت خشک نہیں رہے تو آرون فنچ اپنی آخری الیون میں شاید تبدیلی نہیں کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT