آدتیہ ناتھ و دیگر دو ارکان پارلیمنٹ کے استعفے منظور : اسپیکر سمترا مہاجن

نئی دہلی 18 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن نے کہا کہ لوک سبھا کے تین ارکان بشمول یوگی آدتیہ ناتھ اور کیشو پرساد موریہ کے استعفے قبول کرلئے گئے ہیں۔ آدتیہ ناتھ اب اترپردیش کے چیف منسٹر ہیں جبکہ کیشو پرساد موریہ ان کے نائب ہیں۔ مہاجن نے کہا کہ دونوں نے 21 ستمبر کو استعفے پیش کردئے تھے جنہیں اسی تاریخ سے قبول کرلیا گیا ہے ۔یوگی آدتیہ ناتھ اور کیشو پرساد موریہ نے اترپردیش میں چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے عہدوں سے استعفی پیش کردیا تھا ۔ جنہیں اب قبول کرلیا گیا ہے ۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ ان دونوں کے علاوہ بی جے پی کے رکن نا نا پٹولے نے بھی 8 ڈسمبر کو اپنا استعفی پیش کردیا تھا اور اسے بھی 14 ڈسمبر کو قبول کرلیا گیا ہے ۔ نانا پٹولے نے 2014 کے عام انتخابات میں سابق مرکزی وزیر اور این سی پی لیڈر پرفل پٹیل کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی تاہم انہوں نے انتخابی وعدوں کو فراموش کرنے کا پارٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے پارٹی اور لوک سبھا رکنیت سے استعفی دیدیا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اور حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئی اقدامات کرنے کا وعدہ کیا تھا جن میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ہے اس لئے وہ مستعفی ہو رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT