Wednesday , September 26 2018
Home / ہندوستان / آدھار، پان کو بینک کھاتہ سے جوڑنے غیر معینہ مہلت

آدھار، پان کو بینک کھاتہ سے جوڑنے غیر معینہ مہلت

نئی دہلی، 13دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے بینک کھاتوں کو آدھار اور پان سے جوڑنے کیلئے مقررہ 31دسمبر کی تاریخ ختم کردی ہے ۔اس کیلئے کوئی نئی آخری تاریخ نہیں مقرر کی گئی ہے اور پان کی جگہ فارم 60 کا متبادل بھی دیا گیا ہے ۔وزارت فینانس نے گذشتہ روز نوٹیفیکیشن جاری کرکے ’’31دسمبر تک آدھار نمبر اور پان نمبر جمع کرائیں‘‘کی جگہ نیا جملہ ’’حکومت کے ذریعہ نوٹیفائی تاریخ تک آدھار نمبر ، پان نمبر یا فارم 60جمع کرائیں‘‘لکھ دیا ہے ۔نوٹیفیکیشن میں کوئی نئی تاریخ نہیں دی گئی ہے ۔ ساتھ ہی پان کی جگہ پر فارم 60جمع کرانے کا متبادل بھی دیا گیا ہے ۔

آدھار معاملہ کی دستوری بنچ میں آج سماعت
نئی دہلی، 13 دسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کی پانچ رکنی دستوری بنچ آدھار کی لازمیت کے معاملہ میں عبوری راحت کی درخواست پر کل دوپہر 2بجے سماعت کرے گی۔عرضی گذاروں شانتا سنہا اور کلیانی مینن کی جانب سے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ (اے اوآر) نے چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی بنچ کے سامنے کیس کاخاص طور سے ذکر کیا۔جسٹس مشرا نے کہا کہ اس معاملہ کی سماعت کل 2بجے کی جائے گی۔ گذشتہ 7 دسمبر کو چیف جسٹس نے درخواست گزاروں کے وکیل کو یقین دلایا تھا کہ وہ اس ہفتے آئینی بنچ قائم کر دیں گے۔ قابل غور ہے کہ گذشتہ 7 دسمبر کو معاملہ کے خصوصی ذکر کے دوران اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ مرکزی حکومت آدھار لنکنگ کی آخری تاریخ 31دسمبر 2017سے بڑھا کر 31مارچ 2018کرے گی۔ اٹارنی جنرل نے واضح کیا تھا کہ موبائل نمبر کو آدھار سے جوڑنے کی آخری تاریخ 6 فروری 2018سے آگے نہیں بڑھائی گئی۔ کل چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ پارسی خواتین کی شناخت سے جڑے معاملے کی سماعت کرے گی اور ایسی امید کی جا رہی ہے کہ یہی بنچ آدھار معاملہ کی بھی سماعت کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT