Friday , October 19 2018
Home / ہندوستان / آدھار تفصیلات مکمل طورپر محفوظ ، کوئی خطرہ لاحق نہیں

آدھار تفصیلات مکمل طورپر محفوظ ، کوئی خطرہ لاحق نہیں

ویب سائیٹس سے تفصیلات حذف، آدھار تفصیلات کا افشاء خطرناک : ممتا
نئی دہلی ۔20 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام) آدھارکارڈ تیار کرنے والی ہندوستانی اتھاریٹی برائے منفرد شناخت ( یو آئی ڈی اے آئی ) نے آج کہاکہ آدھار کی تمام تفصیلات پوری طرح محفوظ ،صحیح و سلامت ہیں۔ اس اتھاریٹی نے کہاکہ آدھار نمبر درحقیقت کوئی خفیہ یارازداری پر مبنی نمبر نہیں ہے اور اس کی تفصیلات مجاز اداروں کی طرف سے ایسے کسی شخص کے بارے میں استعمال کی جاسکتی ہیں جو حکومت کی فلاحی اسکیموں سے استفادہ یا دیگر خدمات حاصل کرنا چاہتا ہے ۔ اس اتھاریٹی نے اپنے بیان میں کہاکہ ’’آدھار کی تفصیلات پوری طرح محفوظ ہیں ۔ جن کا کوئی افشاء نہیں ہوا ہے اور اس اتھاریٹی نے ان تفصیلات کے تحفظ کے کسی اُصول کی خلاف ورزی نہیں کی‘‘ ۔ قانون حق معلومات کو دیئے گئے ایک جواب کی بنیاد پر یہ رپورٹ شائع ہوی تھی کہ تقریباً 210 سرکاری ویب سائیٹس پر آدھار کی تفصیلات منظرعام پر پیش کی گئی ہیں۔ جس کے جواب میں اس اتھاریٹی نے یہ وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں واضح طورپر کہا گیا ہے کہ آدھار تفصیلات کا کوئی افشاء نہیں ہوا ہے اور نہ ہی رازاداری کے کسی اصول کی کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔ یو آئی ڈی اے آئی نے آر ٹی آئی جواب میں کہا تھا کہ اس کو پتہ چلا ہے کہ مرکزی ، ریاستی ، سرکاری محکمہ جات بشمول تعلیمی اداروں کے تقریباً 210 ویب سائیٹس پر عوام کی معلومات کیلئے استفادہ کنندگان کے ناموں کی فہرست پیش کی گئی ہے جس میں ان کے پتے، دیگر تفصیلات ، آدھار نمبر، بینک اکاؤنٹ نمبرس وغیرہ بھی شامل ہیں۔ یہ تفصیلات کسی تیسرے فریق اور خود مختلف فلاحی اسکیموں کے استفادہ کنندگان کی طرف سے حاصل کی گئی تھیں۔ اس اتھاریٹی نے کہاکہ اس ضمن میں منظرعام پر آنے والی رپورٹس کے بعد بروقت کارروائی کرتے ہوئے یو آئی ڈی اے آئی اور وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹکنالوجی نے تمام متعلقہ وزارتوں اور سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے ویب سائیٹس سے فی الفور ان تفصیلات کو ہٹالیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں اس کا اعادہ نہ ہوسکے ۔ جس کے فوری بعد ان ویب سائیٹس سے تمام تفصیلات ہٹالی گئیں۔ دریں اثناء چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے کہا کہ آدھار کی تفصیلات کا افشاء خطرناک ہے۔

TOPPOPULARRECENT