Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / آدھار کارڈ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے مربوط کرنے کا مطالبہ

آدھار کارڈ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے مربوط کرنے کا مطالبہ

ملک کی مختلف تنظیموں کے مطالبہ کو کسی بھی بڑی سیاسی پارٹی کی تائید حاصل نہیں
حیدرآباد۔17اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت ہند کی جانب سے ہر اسکیم اور بینک کھاتہ کے علاوہ موبائیل نمبر کو آدھار سے مربوط کرنے کا لزوم عائد کیا جا چکا ہے اور بینک میں کھاتہ رکھنے والے اور موبائیل فون کے استعمال کنندگان کو ان کے اپنے بینکوں اور موبائیل فون کمپنیو ںکی جانب سے ایس ایم ایس موصول ہورہے ہیں کہ آدھار کے لزوم کے فیصلہ کو قابل عمل بنانے کے لئے وہ اپنے کھاتوں اور فون کو آدھار نمبر سے مربوط کریں تاکہ ان کی خدمات کا سلسلہ جاری رہ سکے۔ حکومت کی جانب سے آدھار کارڈ کے مختلف خدمات کیلئے لزوم کو دیکھتے ہوئے ہندستانی انتخابات میں اصلاحات اور انہیں شفاف بنانے کے لئے جدوجہد کرنے والی تنظیموں اور اداروں کی جانب سے آدھار جو الکٹرانک ووٹنگ مشین اور فہرست رائے دہندگان سے مربوط کرنے کا بھی مطالبہ شروع کیا جاچکاہے لیکن ان کے اس مطالبہ کو کسی بھی بڑی سیاسی جماعت کی تائید حاصل نہیں ہو رہی ہے اور نہ ہی کوئی سیاسی جماعت کے قائدین کی جانب سے فہرست رائے دہندگان کو آدھار سے مربوط کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔ مختلف اداروں و تنظیموں کی جانب سے کئے جانے والے اس مطالبہ نے اب آن لائن پیٹیشن کی شکل میں ایک تحریک کی شکل اختیار کرلی ہے جس میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا جا رہاہے کہ ہندستانی انتخابات کو تلبیس شخصی اور بوگس رائے دہی سے پاک بنانے کے لئے عصری سہولت کا استعمال کرتے ہوئے آدھار سے مربوط ووٹنگ مشن کے استعمال کو یقینی بنایا جائے یا پھر فہرست رائے دہندگان کی ترتیب کے دوران اسے آدھارسے مربوط کیا جائے تاکہ فہرست رائے دہندگان میں شامل اضافی اور فرضی ناموں کے اخراج کو ممکن بنایا جا سکے۔ بتایا جاتاہے کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے اس عمل کو کسی بھی بڑی سیاسی جماعت کی تائید حاصل نہ ہونے کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ملک کی بیشتر تمام سیاسی جماعتیں بوگس رائے دہی اور تلبیس شخصی کے خاتمہ میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ جناب مجید اللہ خان فرحت صدر مجلس بچاؤ تحریک نے بتایا کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے علاوہ انتخابات کے دوران بوگس رائے دہی کو روکنے کے لئے حکومت اور بڑی سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ الیکشن کمیشن سے نمائندگی کرتے ہوئے آدھار سے مربوط فہرست رائے دہندگان یا الکٹرانک ووٹنگ مشین کی تنصیب کے سلسلہ میں توجہ دہانی کروائیں کیونکہ اس مسئلہ پر اختیار کی جانے والی خاموشی کے سبب ملک کے عوام کا انتخابات سے بھروسہ ختم ہونے لگا ہے اور لوگ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے سلسلہ میں کی جانے والی کوششوں میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران مقامی سطح پر مافیا کی شکل میں رائے دہی پر کنٹرول کیلئے جس طرح پولیس اور انتخابی عملہ کا استعمال کیا جاتا ہے اس کے خاتمہ میں بھی آدھار سے مربوط فہرست رائے دہندگان یا الکٹرانک ووٹنگ مشین انتہائی معاون ثابت ہو سکتی ہے ۔ آدھارکو فہرست رائے دہندگان سے مربوط کرنے کا مطالبہ کرنے والی تنظیموں کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ ہندستان کے سب سے بڑے جمہوری تہوار میں شفافیت پیداکرنے کیلئے یہ اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ اب جبکہ حکومت کی جانب سے تمام اسکیمات اور خدمات کیلئے آدھار کا لزوم عائد کیا جا رہا ہے تو ایسی صورت میں فہرست رائے دہندگان اور ای وی ایم کو بھی آدھار سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT