Monday , December 18 2017
Home / ہندوستان / آدھار کے بغیر راشن سے محروم نہ کرنے مرکز کی ہدایات

آدھار کے بغیر راشن سے محروم نہ کرنے مرکز کی ہدایات

خلاف ورزی پر ریاستوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ
نئی دہلی 26 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز نے ریاستوں کو ہدایت دی کہ وہ ایسے استفادہ کنندگان کو راشن شاپس کے ذریعہ اشیا کی فراہمی سے محروم نہ کریں جن کے پاس آدھار نہیں ہے یا پھر جنہوں نے راشن کارڈز کو آدھار نمبر سے مربوط نہیں کیا ہے ۔ مرکز نے کہا کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائیگی ۔ اس نے ریاستی حکومتوں سے کہا کہ وہ صرف آدھار نہ ہونے کی بنیاد پر اہل مستحقین کو استفادہ کنندگان کی فہرست سے خارج نہ کریں۔ یہ ہدایات جاریہ ہفتے جاری کی گئیں جبکہ جھارکھنڈ کا ایک واقعہ سامنے آیا تھا جہاں ایک 11 سالہ لڑکی فاقہ کشی کی وجہ سے فوت ہوگئی تھی کیونکہ اسے راشن شاپس سے راشن فراہم کرنے سے انکار کردیا گیا تھا ۔ اپنی ہدایت میں مرکزی وزارت تغذیہ نے واضح کیا تھا کہ راشن کارڈز کو ختم کرنے کا کام مکمل چھان بین کے بعد ہی کیا جانا چاہئے اور یہ پوری تحقیقات ہونی چاہئیں کہ راشن کارڈ میں جو اندراجات کئے گئے ہیں وہ درست نہیں ہیں ۔ اس سے قبل راشن کارڈز کو ختم نہیں کیا جاسکتا ۔ ہدایات میں ریاستی عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسفادہ کنندگان کو صرف آدھار نہ ہونے کی بنا پر راشن سے محروم ہونا نہ پڑے ۔ اس کے علاوہ جو استثنائی حالات ہیں انہیں بھی ایک علیحدہ لاگ بک میں تحریر کیا جانا چاہئے ۔ سی ای او آدھار اجئے بھوشن پانڈے سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس ہدایت کا مقصد یہ ہے کہ کسی کو بھی صرف آدھار نہ ہونے کی بنا پر غذائی فوائد سے محروم ہونا نہ پڑے ۔

TOPPOPULARRECENT