Monday , December 18 2017
Home / ہندوستان / آر ایس ایس سربراہ کے بیان کی مذمت : شاہی امام

آر ایس ایس سربراہ کے بیان کی مذمت : شاہی امام

نئی دہلی۔ /23اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) شاہی اما م مسجد فتحپوری دہلی مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں کو تاکید کی کہ یوم عاشورہ کو عبادات اور دعاؤں کا اہتمام کریں اور امام حسین علیہ السلام کے پیغام کو یاد کریں۔ شاہی امام نے ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی ، عدم رواداری اور غنڈہ گردی پر شدید رنج کا اظہار کیا اور کشمیری ایم ایل اے شیخ عبدالرشید پر سیاہی پھینکے جانے ، بی سی سی آئی کے دفتر پر حملے اور دیگر غنڈہ گردانہ کارروائیوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے بیر بھومی مغربی بنگال میں ہندوستان میں عدم رواداری اور تشدد پرکہا کہ ہندوستان کی تہذیب 5ہزار سال کی ہے یہاں سات مذاہب کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں، یہاں یہ سب نہیں ہونا چاہیئے۔ شاہی امام نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے بیان کی مذمت کی جس میں انہوں نے فرقہ وارانہ غنڈہ گردی اور دادری جیسے واقعہ کو چھوٹے چھوٹے واقعات سے تعبیر کیا۔شاہی امام مفتی مکرم احمد نے حکومت سے اقلیتوں اور دلتوں کی جان و مال کی حفاطت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ شاہی امام نے اقوام متحدہ سکریٹری جنرل بان کیمون کے حالیہ بیان کی مذمت کی جس میں انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی درپردہ حمایت کی ہے۔ شاہی امام نے صیہونی اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی لیڈروں اور مسلم ممالک سے مسجد الاقصیٰ کے تحفظ کیلئے متحد ہوکر کارروائی کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT