Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / آر بی آئی ، تلنگانہ کو نئی کرنسی روانہ کرنے میں ناکام

آر بی آئی ، تلنگانہ کو نئی کرنسی روانہ کرنے میں ناکام

نوٹ بندی کے طویل عرصہ بعد بھی عوامی مسائل برقرار ، بینکس اور ایم ٹی ایم رقومات سے خالی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : نوٹ بندی کے 41 دن بعد بھی کرنسی بحران جاری ہے ۔ بینکوں اور اے ٹی ایم کے روبرو قطاروں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔ حیدرآباد کے بشمول تلنگانہ کے 6 مقامات سے 1.20 کروڑ روپئے کی نئی کرنسی برآمد ہوئی ہے ۔ نوٹ بندی کے بعد عوامی مسائل بڑھتے ہی جارہے ہیں ۔ 95 فیصد اے ٹی ایم میں رقم نہیں ہے ۔ بینکوں کی جانب سے 2 تا 6 ہزار روپئے ادا کئے جارہے ہیں ۔ آر بی آئی طلب کے مطابق تلنگانہ کو نئی کرنسی روانہ کرنے میں ناکام ہے جس سے عوامی مسائل میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ 86 فیصد بڑی کرنسی عوام کے درمیان سے ہٹ جانے سے ریاست میں غیر معلنہ معاشی بحران پیدا ہوگیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی عوام کو 50 دن کے بعد اچھے دن آنے کے خواب دکھا رہے ہیں مگر مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی ، آر بی آئی اور قومی فینانس سکریٹری ہر دن نئے نئے اعلانات کرتے ہوئے پہلے سے پریشان عوام کی ناراضگی میں اضافہ کررہے ہیں۔ نوٹ بندی کے 50 دن مکمل ہونے اب صرف 8 دن باقی رہ گئے ہیں ۔ غیر محسوب دولت رکھنے والوں کو بینک کی قطاروں میں کھڑے بغیر لاکھوں روپئے کی نئی کرنسی دستیاب ہورہی ہے ۔ محکمہ انکم ٹیکس عہدیداروں اور پولیس کے دھاوؤں میں نئی کرنسی برآمد ہورہی ہے جس سے عوام میں حکومت اور بنکوں کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے کیوں کہ علاج کے لیے ہاسپٹلس کے بلز ، شادیوں کے لیے رقعے منسلک کرنے کے باوجود عوام کو نقد رقم نہیں مل رہی ہے مگر کالا دھن رکھنے والے آسانی سے اپنی بلیک منی کو وائیٹ بنا رہے ہیں ۔ شہر حیدرآباد کے دو مقامات پر محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں کو 66 لاکھ روپئے دستیاب ہوئے ہیں ۔ حمایت نگر میں تلگو اکیڈیمی کے قریب ایک اپارٹمنٹ کے فلیٹ میں 36 لاکھ روپئے دستیاب ہوئے ہیں جو 2 ہزار روپئے کی نئی کرنسی پر مشتمل ہے ۔ جس کو عہدیداروں کی جانب سے ضبط کرلیا گیا ہے اور اس کی تحقیقات جاری ہے ۔ ایک اور واقعہ میں ٹینک بنڈ پر ایک کار سے پولیس کو 30 لاکھ روپئے پکڑے گئے ۔ سارے نوٹ 2 ہزار روپئے کی نئی کرنسی پر مشتمل ہے ۔ سوریہ پیٹ میں 29 لاکھ 80 ہزار روپئے دستیاب ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ سوریہ پیٹ میں نوٹ تبدیل کرنے میں ملوث افراد کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے 10 لاکھ روپئے نقد دو کار ، اور 9 سیل فون برآمد کیے تھے ۔ اس کے ٹھیک 24 گھنٹے بعد مزید ایک ٹولی کے 15 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ جنگاؤں کراس روڈ پر ایک انووا کار میں 12 لاکھ روپئے دستیاب ہوئے اسی طرح کھمم ریلوے اسٹیشن میں 17.23 لاکھ روپئے پکڑے گئے ہیں ۔ پولیس نے دو افراد کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ جس میں 2 ہزار روپئے نئی کرنسی زیادہ مقدار میں ہے ۔ ضلع نلگنڈہ کے نارکیٹ پلی منڈل میں 7 لاکھ روپئے کو پولیس نے برآمد کرلیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT