Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / آر ٹی سی ملازمین پر سخت محنت کے ذریعہ کارکردگی میں اضافہ کے لیے زور

آر ٹی سی ملازمین پر سخت محنت کے ذریعہ کارکردگی میں اضافہ کے لیے زور

تلنگانہ آر ٹی سی کارمیکوڈو کا رسم اجراء ، ایم ڈی تلنگانہ آر ٹی سی جی وی رمنا راؤ کا خطاب

تلنگانہ آر ٹی سی کارمیکوڈو کا رسم اجراء ، ایم ڈی تلنگانہ آر ٹی سی جی وی رمنا راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر جی وی رمنا راؤ نے کہا کہ آر ٹی سی کی ترقی آر ٹی سی ورکرس اور عملہ کی محنت ، جستجو اور توجہ کے بغیر ناممکن ہے ۔ اس لیے عملہ کو چاہئے کہ وہ اپنی کارکردگی میں مزید بہتری پیدا کرتے ہوئے کارپوریشن کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا اہم رول ادا کریں ۔ وہ آج سندریا وگنان کیندرم میں سی آئی ٹی یو کی ملحقہ ٹی ایس آر ٹی سی اسٹاف اینڈ ورکرس فیڈریشن کی جانب سے شائع کردہ ’ تلنگانہ آر ٹی سی کارمیکوڈو ‘ ماہانہ میگزین کی رسم اجراء کے بعد منعقدہ تقریب سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے فیڈریشن سے میگزین کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میگزین آر ٹی سی کے ملازمین کو درپیش مسائل کی یکسوئی میں معاون و مددگار ثابت ہوگی چونکہ ریاست کی تقسیم کے بعد آر ٹی سی دو حصوں میں تقسیم ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں ٹی ایس آر ٹی سی کو مزید ترقی دینے کی ضرورت ہے اور عنقریب دونوں کارپوریشنوں کی علحدگی سے متعلق قانون پر عمل آوری کے احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ایس آر ٹی سی کی جانب سے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ تلنگانہ کے عوام اور مسافرین کو کم شرح پر بہتر سے بہتر اور آرام دہ سفر کی سہولتوں کے علاوہ دیگر اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین اور ورکروں کو تیقن دیا کہ انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی میں اپنا بھر پور تعاون کرنے میں ہرگز پس و پیش نہیں کریں گے ۔ اس موقع پر ایڈیٹر تلگو روزنامہ نوا تلنگانہ ایس ویرایا نے کہا کہ صحافت چوتھی مملکت ہے اور صحافت حکومت اور عوام کے مابین باہمی رابطہ کا اہم ذریعہ ہے اسی لیے صحافیوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صحافتی اقدار کی پامالی سے پرہیز کریں تاکہ پیشہ صحافت کی نیک نامی متاثر ہونے نہ پائے ۔ صدر تلنگانہ اسٹاف اینڈ ورکرس فیڈریشن مسٹر سی ایچ رامچندر نے ٹی ایس آر ٹی سی اسٹاف اینڈ ورکرس فیڈریشن کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر قومی سکریٹری سی آئی ٹی یو آر سدھا بھاسکر تلنگانہ اسٹیٹ جنرل سکریٹری سی آئی ٹی یو ایم سائی بابا ایڈیٹر آر ٹی سی ورکرس آر لکشمیا ، ایڈیٹر ٹی ایس ڈبلیو ایف جنرل سکریٹری وی ایس راؤ ، منیجر تلنگانہ آر ٹی سی کارمیکوڈو کے بھکشا پتی گوڑ کے علاوہ دیگر فیڈریشن قائدین نے بھی مخاطب کیا ۔ بعد ازاں ٹی ایس آر ٹی سی اسٹاف اینڈ ورکرس فیڈریشن کی جانب سے مینجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی جی وی رمنا راؤ کو تہنیت پیش کی گئی ۔۔

TOPPOPULARRECENT