آر ٹی سی کی تقسیم کے عمل کا آغاز‘دو ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل

حیدرآباد۔2مارچ ( سیاست نیوز) آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن انتظامیہ نے ریاست کی تقسیم کے پیش نظر اب آر ٹی سی کو بھی تقسیم کرنے کے عمل کا آغازکردیا ہے جبکہ متحدہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد سے اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین کی مختلف یونین اے پی ایس آر ٹی سی کو تقسیم کرنے کا مطالبہ کررہی تھیں۔ لہذا ان مطالبات کی روشنی میںریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے آر ٹی سی انتظامیہ نے دو سب کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ۔ اے پی ایس آر ٹی سی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ آج اس سلسلہ میں اے پی ایس آر ٹی سی نے آر ٹی سی ملازمین یونینیوں کے قائدین کے ساتھ ایک اہم اجلاس طلب کیا تھا اور دو سب کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس فیصلہ کی روشنی میں آر ٹی سی تلنگانہ سب کمیٹی کیلئے مسٹر جی ای رمنا راؤ ‘ آندھراپردیش سب کمیٹی کیلئے مسٹر اے وی راؤ قیادت کریں گے ۔ بتایا جاتا ہیکہ ملازمین کی تقسیم کو چار یوم میں مکمل کردینے کا آر ٹی سی انتظامیہ نے ان سب کمیٹیوں کو مشورہ دیا ہے اور فی الفور آر ٹی سی کی املاک و جائیدادوں کے علاوہ قرضہ جات کے مسئلہ پر مباحث سے احتراز کر کے اس کو نظرانداز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس کے علاوہ متنازعہ ملازمین کے مسئلہ پر بھی فوری طور پر کوئی فیصلہ نہ کرنے اور اس مسئلہ پر بعد ازاں غور وخوص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT