Thursday , November 23 2017
Home / سیاسیات / آسام اسمبلی سے اپوزیشن کانگریس کا واک آوٹ

آسام اسمبلی سے اپوزیشن کانگریس کا واک آوٹ

ریاست کے خصوصی موقف سے دستبرداری کے خلاف احتجاج
گوہاٹی ۔ 21 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : آسام اسمبلی میں آج دوسرے دن بھی شور و غل اور ہنگامہ آرائی کے مناظر دیکھے گئے جب کہ اپوزیشن کانگریس نے ریاست کو خصوصی موقف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان سے واک آوٹ کردیا اور یہ الزام عائد کیا کہ اس مسئلہ پر مباحث کے لیے اسپیکر جانبداری کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ وقفہ صفر کے دوران اسپیکر رنجیت کمار داس نے وزیر فینانس ہیمنتا بسور شرما کو ہدایت دی کہ میڈیا میں شائع ان رپورٹس پر کہ ریاست کو دئیے گئے خصوصی موقف سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ہے ۔ وضاحت پیش کریں جس پر کانگریس رکن رقیب حسین نے اعتراض جتایا اور کہا کہ کل انہیں وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھانے سے روک دیا گیا تھا لیکن اسپیکر نے آج یہ مسئلہ اٹھانے کی اجازت دیدی اور وزیر موصوف کس طرح اپنا بیان دے سکتے ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ ایوان کی کارروائی قواعد کے مطابق نہیں بلکہ اسپیکر کی مرضی اور مفاد کے تابع چلائی جارہی ہے ۔ بعد ازاں حسین نے ایوان سے واک آوٹ کا اعلان کر کے باہر نکل گئے ۔ تاہم وزیر فینانس نے یہ وضاحت پیش کی کہ آسام کے خصوصی موقف کا درجہ نہیں بلکہ نام تبدیل کیا گیا اور اب یہ نارتھ ایسٹ اینڈ ہل اسٹیٹس کہا جارہا ہے اور 14 ویں فینانس کمیشن کی سفارش کے مطابق ہمیں خصوصی امداد حاصل ہورہی ہے اور سال 2015-16 میں ریاست کو مرکز سے 5000 کروڑ اضافی امداد جاری کی گئی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT