Wednesday , July 18 2018
Home / سیاسیات / آسام اسمبلی کو ’’زعفرانی رنگ ‘‘کرنے پر کانگریس کا ٹی پارٹی اور فوٹو سیشن کا بائیکاٹ

آسام اسمبلی کو ’’زعفرانی رنگ ‘‘کرنے پر کانگریس کا ٹی پارٹی اور فوٹو سیشن کا بائیکاٹ

گوہاٹی۔ 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آسام اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج احتجاجی شور و غل کے درمیان شروع ہوا جس میں سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کانگریس نے اسمبلی کے احاطے کو ’بھگوا رنگ‘ دینے پر اعتراض کیا۔ کانگریس کے اسمبلی ارکان نے گورنر کے اعزاز میں چائے کی دعوت میں بھی شرکت نہیں کی اور تصویر کھنچوانے کے اْس پروگرام کا بھی بائیکاٹ کیا جس میں اراکین کی شرکت لازمی ہے۔ اسی پر اکتفا نہیں کیا گیا گورنر جگدیش مکھی کے خطبے میں اس قدر خلل ڈالا گیا کہ اْنہیں پانچ منٹ میں اپنا خطبہ ختم کرنا پڑا۔گورنر کے خطبے کو ابھی پانچ منٹ ہی گزرا تھا کہ کانگریس نے خطبے کا وہ حصہ سنتے ہی احتجاج شروع کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت صاف ستھری انتظامیہ فراہم کرنے کی پابند ہے۔ یہ الزام لگاتے ہوئے کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے اپنے وعدوں کا پاس نہیں رکھا اپوزیشن پارٹی کے اراکین نے حکومت کے خلاف ’شرم کرو،شرم کرو‘ کا نعرہ لگانا شروع کر دیا۔ ان لوگوں نے حکومت کیخلاف تختیاں بھی اٹھا رکھی تھیں۔ احتجاج کرتے ہوئے کانگریس کے اراکین ایوان کے بیچوں بیچ پہنچ گئے تھے۔ خلل کی وجہ سے تقریر جاری رکھنا ناممکن پا کر گورنر نے درمیانی صفحات چھوڑ کر آخری صفحہ پڑھنے کو ترجیح دی۔تقریر ختم ہونے پر اسپیکر ہیتندر ناتھ گوسوامی نے تمام موجود اراکین سے حسب روایت گورنر کے اعزاز میں چائے کی دعوت میں شرکت کی استدعا کی۔ کانگریس کے عبد الخالق نے اسپیکر کی بات ختم ہوتے ہی الزام لگایا کہ چائے کی دعوت اور تصویر کھنچوانے کے پروگرام کی سجاوٹ کو چونکہ ایک مخصوص سیاسی پارٹی کے بھگوا رنگ میں رنگ دیا گیا ہے اس لئے احتجاجاً کانگریس نے دونوں پروگراموں کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT