Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / آسام میں سیلاب کی صورتحال سنگین ، پانچ لاکھ افراد بے گھر

آسام میں سیلاب کی صورتحال سنگین ، پانچ لاکھ افراد بے گھر

مہلوکین کی تعداد 26 ہوگئی ، برہماپترا کی سطح آب ، خطرہ کے نشان سے اوپر
گوہاٹی ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسام میں سیلاب کی صورتحال آج مزید ابتر ہوگئی ۔ 15 اضلاع بارش و سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ جس کے نتیجہ میں مزید ایک خاتون فوت ہوگئی اور پانچ لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں ۔ آسام دہشت ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے کہا کہ ضلع کریم گنج میں مزید ایک شخص سیلابی پانی میں بہنے کے سبب فوت ہوگیا ۔ جس کے ساتھ ہی رواں موسم برسات میں سیلاب سے فوت ہونے والوں کی تعداد 26 تک پہونچ گئی ۔ ان میں سات کا تعلق گوہاٹی سے ہے۔ اتھاریٹی نے کہا کہ اضلاع لکھیم پور ، جورہاٹ ، گولاگھاٹ، کچھار ، دھیماجی ، بسواناتھ ، کریم گنج ، سنیت پور ، مجولی ، بارپیٹا ، ناگاؤں ، نلباری ، سیوا ساگر ، سوری گاؤں اور چیرانگ میں زائد از 4.87 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں ۔ ریاست میں سیلاب کی تازہ لہر کے نتیجہ میں کل تک تقریباً 3.83 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے کہا کہ تقریباً 1,096 مواضعات زیرآب ہیں ۔ تقریباً 41,200 ہیکٹر پر محیط فصلیں متاثر ہوئی ہیں ۔ لکھیم پور بدترین متاثرہ ضلع ہے جہاں 1.21 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں ۔ کریم گنج دوسرا بدترین ضلع ہے ۔ جہاں بے گھر ہونے والوں کی تعداد 1.19 لاکھ بتائی گئی ہے ۔ ریاست بھر میں 1,88,148 مویشی اور پولٹری سیلابی پانی سے متاثر ہوئے ہیں ۔ سیلاب کی شدت سے کئی اضلاع میں سڑکوں ، باندھ اور پلوں کو نقصان پہونچا ہے ۔ دریائے برہماپترا کئی علاقوں میں خطرہ کے نشان سے اوپر کی سطح پر بہہ رہی ہے۔ دیگر کئی دریاوں کا پانی بھی خطرہ کے نشان سے پہونچ گیا ہے ۔

 

TOPPOPULARRECENT