آسام میں ٹرین پٹری سے اتر گئی، 50 زخمی

گوہاٹی ۔ 16 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دیما پور ۔ کامکھیا بی جی ایکسپریس کے انجن اور دس ڈبوں کے پٹری سے اترجانے کے حادثہ میں زائد از 50 مسافرین زخمی ہوگئے جن میں سے 19 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ حادثہ صبح کی اولین ساعتوں میں مرکزی آسام کے تغیریہ نامی علاقے میں رونما ہوا ۔ پولیس نے بتایا حادثہ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 100 میٹر تک ریلوے پٹریوں کو بھی نقصان پہنچا اور وہ ناقابل استعمال ہوگئیں جسکی وجہ سے اس روٹ پر آٹھ دیگر ٹرینوں کو منسوخ کرنا پڑا۔ دبرو گڑھ۔نئی دہلی راجدھانی ایکسپریس کو بھی لومبنگ ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا ۔ شدید طور پر زخمی ہوئے 19 مسافرین کو مختلف ہاسپٹلس بشمول گوہاٹی میڈیکل کالج ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ ریلوے عہدیداروں نے بتایا کہ حادثہ کی وجوہات کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT