Wednesday , November 22 2017
Home / Top Stories / آسام میں 82 اور بنگال میں 80فیصد رائے دہی

آسام میں 82 اور بنگال میں 80فیصد رائے دہی

تشدد کے معمولی واقعات ، ہجوم کو منتشر کرنے پولیس فائرنگ ، ترون گوگوئی کے خلاف ایف آئی آر درج
گوہاٹی ؍ کولکاتہ ۔ 11 اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام) آسام اور مغربی بنگال میں آج بالترتیب 85 فیصد اور 79.56 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی جبکہ تشدد کے چند واقعات پیش آئے اور چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی کی انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کی گئی ۔ آسام میں آج دوسرے مرحلے کیلئے 61 اسمبلی حلقوں میں رائے دہی ہوئی اور مجموعی فیصد میں مزید اضافہ کا امکان ہے کیونکہ دوردراز کے علاقوں سے قطعی اعداد و شمار موصول نہیں ہوئے تھے ۔ الیکشن ڈپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہاکہ 5 بجے شام تک موصولہ اطلاعات کے مطابق 82.02 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی تھی تاہم پولنگ بوتھس پر 5 بجے بھی رائے دہندوں کی طویل قطاریں دیکھی گئی ، قطعی رائے دہی 85 فیصد سے زائد ہونے کا امکان ہے ۔ یہاں پہلے مرحلہ میں 65 اسمبلی حلقوں کیلئے 82.20 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی تھی ۔ آسام کے بارپیٹا ضلع میں ایک 80 سالہ رائے دہندے کی سی آر پی ایف اور مقامی افراد کے مابین قطار بنانے کے مسئلہ پر جھڑپ کے نتیجہ میں موت واقع ہوگئی ۔ تین دیگر بشمول ایک سی آر پی ایف اسسٹنٹ کمانڈنٹ اور ایک کانسٹیبل بھی اس واقعہ میں زخمی ہوئے۔ دہلی میں الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ ترون گوگوئی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ انھوں نے عوامی نمائندگان ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آج رائے دہی کے دن پریس کانفرنس منعقد کی ۔ ضلع کمروپ میں سکیورٹی عملہ نے احتجاجی عملہ کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی ۔ یہاں ایک سی آر پی ایف کانسٹیبل نے حاملہ رائے دہندہ خاتون کے پولنگ اسٹیشن میں دوسری مرتبہ داخل ہونے پر مبینہ طورپر بدسلوکی کی تھی۔ اس واقعہ کے بعد پولنگ اسٹیشن پر متعین تمام سی آر پی ایف ٹیم کو تبدیل کردیا گیا۔ مغربی بنگال میں ٹی ایم سی لیڈر ممتا بنرجی متواتر دوسری مرتبہ اقتدار کیلئے مقابلہ کررہی ہیں ۔ آج دوسرے مرحلہ میں 31 نشستوں کیلئے رائے دہی ہوئی ۔ چیف الیکٹورل آفیسر مغربی بنگال سنیل گپتا نے بتایا کہ آج رائے دہی کا فیصد 79.56 رہا ۔ بردوان میں پولنگ بوتھس پر تشدد کے چند واقعات پیش آئے ۔ ایک سی پی آئی ایم ایجنٹ مبینہ طورپر ترنمول کانگریس کارکنوں کی زدوکوب کے نتیجہ میں زخمی ہوگیا۔ اسی طرح جموریہ میں پولنگ بوتھ کے قریب بموں سے لیس دو بیاگس پولیس کو دستیاب ہوئے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT