آسٹریلیا نے سہ رخی سیریز جیت لی

آکلینڈ۔21 فبوری (سیاست ڈاٹ کام) بائیں ہاتھ کے اسپنر ایشٹن ایلگر کی قیادت میں بولروں کی عمدہ کارکردگی اور اوپنر ڈی آرسی شارٹ(50) کی بہترین نصف سنچری سے آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کویہاں بارش سے متاثرہ فائنل میں ڈک ورتھ لوئیس نظام کے تحت19 رنز سے شکست دے کر سہ رخی ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ کا خطاب جیت لیا۔آسٹریلیا نے ٹورنمنٹ میں ناقابل تسخیر رہتے ہوئے خطاب اپنے نام کیا۔ اس نے فائنل سے پہلے اپنے سبھی چاروں لیگ میچ جیتے تھے ۔ نیوزی لینڈ نے20 اوور میں نو وکٹ پر 150 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ آسٹریلیا کی اننگز میں بارش سے دو مرتبہ خلل پڑا۔پہلی مرتبہ آسٹریلیا کا اسکور چھ اوور میں55 رنز تھا اور دوسری مرتبہ اس کا اسکور14.4 اوور میں تین وکٹ پر121 رنز تھا۔ اس کے بعد پھر کھیل ممکن نہیں ہو سکا اور آسٹریلیا ڈک ورتھ لوئیس ضابطے کے تحت فاتح بن گیا۔ ایلگر کو پلیئر آف دی میچ اور گلین میکسویل کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔آسٹریلیا نے آسان نشانہ کا تعاقب میں جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے چھ اوور کے پاور پلے میں55 رن بنائے ۔شارٹ نے میزبان بولروں کی جم کر پٹائی کی۔ ڈیوڈ وارنر اور شارٹ نے پہلے وکٹ کے لئے آٹھ اوور میں 72 رن کی شراکت کی۔شارٹ نے محض 30 گیندوں میں چھ چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے50 رنز بنائے ۔ شارٹ کا وکٹ آٹھویں اوور کی آخری گیند پر گرا۔ کپتان وارنر بھی چھ رنز بعد پویلین لوٹ گئے ۔وارنر نے 23 گیندوں پر25 رنز میں دو چوکے لگائے ۔ ایگر دو رنز بنا کر ٹیم کے 84 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے اورمحسوس ہورہا تھا کہ نیوزی لینڈ نے واپسی کر لی ہے لیکن میکسویل نے 18 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ20 رنز اور آرون فنچ نے 13 گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ18 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔15 ویں اوور میں بارش آنے سے کھیل دوبارہ ممکن نہیں ہوسکا اور آسٹریلیا نے خطاب جیت لیا۔اس سے پہلے نیوزی لینڈ 4.3 اوور میں48 رن کے شاندار آغاز کے باوجود14 ویں اوور تک اس نے اپنے آٹھ وکٹ110 رن تک گنوا دیے ۔نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنرس نے بہترمظاہرہ کیا۔ مارٹن گپٹل نے15 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے21 رنز بنائے جبکہ کولن منرو نے 14 گیندوں پر29 رنز میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے ۔راس ٹیلر نے 38 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ43 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو 150 رنز تک پہنچایا۔ ٹیلر نے ایش سودھی(13) کے ساتھ نویں وکٹ کے لئے 38 رن کی ساجھے داری کی۔ایگر نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے چار اوور میں27 رن دے کر کیوی کپتان کین ولیم سمیت تین وکٹ حاصل کرنے کے ساتھ نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر کی کمر توڑ دی۔

TOPPOPULARRECENT