Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا نے سیریز جیت لی ‘ ہندوستان کو مسلسل تیسری شکست

آسٹریلیا نے سیریز جیت لی ‘ ہندوستان کو مسلسل تیسری شکست

اس بار ویراٹ کوہلی کی سنچری رائیگاں۔ مہمان ٹیم کیلئے مین آف دی میچ گلین میکس ویل کی 96 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز ۔ مہمان بولرس پھر بے اثر
ملبورن 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی بولرس کی آج ایک اور مرتبہ ناقص کارکردگی کے نتیجہ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف پانچ ونڈے میچس کی سیریز 3 – 0 سے جیت لی ہے ۔ آج ملبورن میں کھیلے گئے تیسرے ونڈے میں آسٹریلیا نے تین وکٹس سے کامیابی حاصل کرلی جبکہ ابھی 7 گیندیں پھینکی جانی باقی تھیں۔ ہندوستان کیلئے آج ویراٹ کوہلی نے سنچری اسکور کی تھی لیکن وہ بھی رائیگاں رہی جس طرح سابقہ دو میچس میں روہت شرما کی سنچریاں رائیگاں گئی تھیں۔ ہندوستان نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورس میں 295 رنوں کا اسکور کھڑا کیا تھا ۔ ویراٹ کوہلای نے 117 رن اتنی ہی گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اسکور کئے تھے ۔ یہ ویراٹ کوہلی کی 24 ویں ونڈے سنچری تھی ۔ جواب میں آسٹریلیائی ٹیم پریشان نظر نہیں آئی اور اس نے 7 گیندیں قبل ہی میچ اور سیریز میں جیت کیلئے درکار نشانہ عبور کرلیا ۔ آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکس ویل نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔ انہوں نے 83 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 96 شاندار رنز اسکور کئے ۔ ان کے اسکور میں آٹھ چوکے اور تین چھکے شامل ہیں۔ ہندوستان کے بولرس ایک بار پھر بیٹنگ لائین اپ کی اچھی کارکردگی کا دفاع کرنے میں ناکام رہے ۔ ہندوستان کی فیلڈنگ بھی بعض موقعوں پر ناقص دیکھی گئی ۔ ہندوستان کیلئے اومیش یادو نے 68 رنز کے عوض دو وکٹس لئے ۔ بریندر سرن نے 63 رنز خرچ کئے اور کوئی وکٹ انہیں نہیں مل سکی جبکہ ایشانت شرما نے 53 رنوں کے عوض دو وکٹس حاصل کئے ۔

یہ تمام بولرس آسٹریلیائی بلے بازوں پر لگام کسنے میں ناکام ثابت ہوئے ۔ آسٹریلیا کیلئے آرون فنچ اور شون مارش نے بھی اچھی بیٹنگ کی ۔ فنچ نے 23 گیندوں میں 21 رن تین چوکوں کی مدد سے بنائے جبکہ شون مارش نے 76 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے ۔ دونوں نے ٹیم کو اچھی شروعات فراہم کی تھی ۔ آسٹریلیائی بلے باز کامیابی کیلئے درکار رفتار سے ہی رنز اسکور کر رہے تھے اور انہیں رن ریٹ کا مسئلہ درپیش نہیں ہوا ۔ ہندوستان کیلئے پہلے میچ کھیل رہے گرکیرت سنگھ نے آرون فنچ کا چھٹے اوور میں کیش چھوڑا جب وہ 20 رن پر کھیل رہے تھے ۔ تاہم فنچ آٹھویں اوور میں ہی ایشانت کی گیند پر آوٹ ہوگئے ۔ آسٹریلیاء کے اسٹیو اسمتھ نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور 45 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے انہوں نے 41 رنز اسکور کئے ۔ اس وقت بھی آسٹریلیائی بلے بازوں کو رنز اسکور کرنے میں کسی دباؤ کا سامنا کرنا نہیں پڑ رہا تھا ۔ اسمتھ اور مارش نے دوسری وکٹ کی رفاقت میں 64 رنز جوڑے ۔ مارش کی یہ مسلسل دوسری نصف سنچری تھی جو ڈیوڈ وارنر کی بجائے ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔ آسٹریلیا نے 16 اوور میں 100 رنز مکمل کرلئے تھے ۔ 19 ویں اوور میں انہیں رویندر جڈیجہ نے آوٹ کیا ۔ سلپ میں اجنکیا رہانے نے ان کا کیچ لیا ۔ جڈیجہ کو 49 رنوں کے عوض دو وکٹس مل سکے ۔ اس کیچ سے ہندوستان میچ میں قدرے واپس ہوا

جبکہ جارج بیلی 23 رن بناکر 27 ویں اوور میں اسٹمپ آوٹ ہوگئے ۔ مچل مارش 36 ویں اوور میں رن آوٹ ہوگئے ۔ انہوں نے 17 رنز اسکور کئے تھے ۔ شون مارش 30 ویں اوور میں ایشانت شرما کی گیند پر آوٹ ہوئے تھے اور میتھیو ویڈ نے 6 رن بنائے ۔ تاہم میکس ویل نے ایک جانب سے پوری ذمہ داری نبھائی اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز اسکور کئے ۔ انہوں نے ہندوستان کے تقریبا تمام بولرس کی پٹائی کی اور میچ کے چاروں جانب خوبصورت شاٹس لگائے ۔ جیمس فالکنر نے 21 رن بنائے تھے ۔ قبل ازیں ہندوستان کیلئے ویراٹ کوہلی نے شاندار سنچری بنائی ۔ وہ 117 رن دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے بناکر آوٹ ہوئے ۔ شکھر دھون نے 68 رن بنائے تھے جبکہ اجنکیا رہانے نے 50 رنز جوڑے ۔ روہت شرما چھ رن بناکر اور کپتان دھونی 23 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ گرکیرت سنگھ نے آٹھ ‘ رویندر جڈیجہ نے چھ اور رشی دھون نے تین رنز اسکور کئے تھے ۔ دھونی نے 9 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے یہ رنز بنائے تھے ۔ شکھر دھون نے 91 گیندوں میں 68 اور رہانے نے 55 گیندوں میں 50 رنز بنائے تھے ۔ ہندوستان آسٹریلیا کے خلاف ابتدائی دونوں میچس میں بھی شکست کھاچکا تھا اورآج کی شکست کے ساتھ ہی اسے سیریز میں بھی 3 – 0 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس سیریز میں مزید دو میچس کھیلے جانے باقی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT