Thursday , September 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا کو شکست ،پاکستان نے سہ رخی سیریز جیت لی

آسٹریلیا کو شکست ،پاکستان نے سہ رخی سیریز جیت لی

ہرارے۔ 9جولائی (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان نے فخر زمان اور شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر زمبابوے میں منعقدہ سہ رخی سیریز میں کامیابی حاصل کرلی یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف 28 سال بعد کسی فائنل میں کامیابی ہے۔ہرارے اسپورٹس کلب میں سہ رخی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ ٹاس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے اور نشانے کے تعاقب میں پاکستان کی کمزوری کا فائدہ اٹھائیں گے۔ایرون فنچ نے پاکستان کی خراب فیلڈنگ کی بدولت اپنی بیان کو درست ثابت کرتے ہوئے ڈی آرسی شارٹ کے ساتھ پہلی وکٹ پر برق رفتار 95 رنز کی شراکت قائم کی۔ایرون فنچ 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان نے آسٹریلیائی اننگز پر روک لگانے کی مزید کوشش کی، تاہم شارٹ نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود ٹیم کا اسکور 183 رنز تک پہنچایا۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر 3 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے، تاہم دیگر بولروں میں شاداب خان نے 2 جبکہ شاہین آفریدی، حسن علی اور فہیم اشرف نے فی کس ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔184 رنز کے نشانے کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی 2 وکٹیں پہلے ہی اوور میں گر گئیں جب صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت بغیر کوئی رن بنائے میکس ویل کا شکار ہوئے۔کپتان سرفراز احمد نے برق رفتار 28 رنز اسکور کیے لیکن وہ بھی 47 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔چوتھی وکٹ پر شعیب ملک اور فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 107 رنز کی شراکت قائم کی۔فخر زمان ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی میں سنچری سے چند رنز کی دوری پر 91 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، جبکہ شعیب ملک 43 رنز بنا کے ناٹ آؤٹ رہے۔میچ میں 91 رنز اسکور کرنے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں فاتح ٹیم کے لیے 278 رنز اسکور کرنے پر مین آف دی سیریز کا بھی ایوارڈ دیا گیا۔خیال رہے کہ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں اپنا پہلا مقام مزید مستحکم کرلیا۔ پاکستان نے اپنی ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں سب سے بڑا نشانہ حاصل کرنے کا بھی ریکارڈ قائم کیا ہے، اس سے قبل پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بڑا ہدف 2012 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران بنگلہ دیش کے خلاف عبور کیا تھا جو 176 رنز تھا۔

TOPPOPULARRECENT