Thursday , November 15 2018
Home / دنیا / آسٹریلیا کے سخت موقف سے تارکین وطن کی آمد میں کمی

آسٹریلیا کے سخت موقف سے تارکین وطن کی آمد میں کمی

سڈنی ۔ 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی حکومت نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن کی آمد میں نمایاں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہیکہ آسٹریلیا نے اس سلسلہ میں جو سخت موقف اختیار کیا تھا اس کے تحت سرحدی علاقوں پر زائد چوکسی اور نگرانی کے علاوہ صرف بہترین اور انتہائی مستحق تارکین وطن کو آسٹریلیا آنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ وزیر برائے امورداخلہ پیٹرڈٹن نے بتایا کہ سالانہ 20,000 تارکین وطن کی آمد میں کمی ہوئی ہے جو گذشتہ سال 162,000 تارکین پر مشتمل رہی کیونکہ ہنرمند (اسکلڈ) اور فیملی ویزوں کی طلب میں نمایاں تخفیف ہوئی جو گذشتہ دس سالوں میں سب سے کم ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہیکہ ویزوں کی اجرائی کیلئے آسٹریلیائی حکومت نے سخت موقف اختیار کیا ہے کیونکہ درخواست گذاروں کی سخت تنقیح ہورہی ہے اور اگر کوئی اپنے بارے میں غلط معلومات فراہم کرتا ہے تو اس کی درخواست مسترد کردی جاتی ہے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ جو لوگ آسٹریلیا آکر آسٹریلیائی فیملی کا حصہ بننا چاہتے ہیں وہ یہاں آ کر کام کرنا چاہتے ہیں، دوسروں کی امداد پر زندہ رہنا نہیں چاہتے۔

TOPPOPULARRECENT